وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑکی ثمینہ قاسم کی نماز جنازہ میں شرکت

ثمینہ قاسم نے پارٹی کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دیں،وی ایک نظریاتی کارکن تھیں ،عطااللہ تارڑ

ہفتہ 24 مئی 2025 19:06

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑکی ثمینہ قاسم کی نماز جنازہ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2025ء)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے ہفتہ کو کراچی میں سابق ٹیسٹ کرکٹر اقبال قاسم کی اہلیہ اور مسلم لیگ (ن)کی دیرینہ، نظریاتی و متحرک کارکن ثمینہ قاسم کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور مرحومہ کو پارٹی کے لیے خدمات خراج عقیدت پیش کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے نماز جنازہ کے بعد مرحومہ کی قبر پر پھول نچھاور کیے۔

انہوں نے مرحومہ کے اہل خانہ، مسلم لیگ(ن)کے مقامی رہنمائوں اور کارکنوں سے بھی ملاقات کی اور مرحومہ کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ثمینہ قاسم مسلم لیگ (ن)کی ایک باوقار، نظریاتی اور متحرک کارکن تھیں۔ ثمینہ قاسم نے پارٹی کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مرحومہ ایک محب وطن پاکستانی تھیں، اپنے انتقال سے چند گھنٹے قبل بلوچستان کے ضلع خضدار میں سکول بس کے سانحہ پر بھی سوشل میڈیا پر افسوس کا اظہار کیا جو ان کی سماجی و قومی شعور اور ملک سے وابستگی کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ثمینہ قاسم کا انتقال پارٹی کے لئے بڑا نقصان ہے۔ ان کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پر نہیں ہو سکے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔