Live Updates

خیبرپختونخواہ حکومت کے تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کا بلیک باکس مل گیا

بلیک باکس جائے حادثہ سے تقریباً 100 میٹر کے فاصلے پر پڑا تھا جسے تلاش کرلیا گیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 17 اگست 2025 18:00

خیبرپختونخواہ حکومت کے تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کا بلیک باکس مل گیا
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اگست 2025ء ) حالیہ بارشوں اور سیلاب کے دوران ریسکیو کاموں میں خیبرپختونخواہ حکومت کے تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کا بلیک باکس مل گیا۔ تفصیلات کے مطابق ضلع مہمند میں حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹر کی تحقیقات میں اہم پیشرفت یہ سامنے آئی ہے کہ پولیس کو خیبرپختونخواہ حکومت کے تباہ شدہ ہیلی کاپٹر کا بلیک باکس مل چکا ہے، اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بلیک باکس جائے حادثہ سے تقریباً 100 میٹر کے فاصلے پر پڑا تھا جسے تلاش کرلیا گیا، پولیس نے بلیک باکس متعلقہ حکام کے حوالے کردیا، تحقیقاتی ٹیم نے ہیلی کاپٹر حادثے کے جائے وقوعہ کا 2 مرتبہ معائنہ کیا اور آج زمینی معائنے کیا گیا جس کا مقصد شواہد اکھٹے کرنا تھا اسی دوران ہیلی کاپٹر کا بلیک باکس ملا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ دو روز قبل باجوڑ کے لیے امدادی سامان لے جانے والا خیبرپختونخواہ حکومت کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر خراب موسم کے باعث حادثے کا شکار ہوا، حادثے میں 2 پائلٹس سمیت عملے کے 5 اہلکار شہید ہوگئے تھے، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے صوبے بھر میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا تھا جب کہ خیبرپختونخواہ حکومت کے ہیلی کاپٹرکریش ہونے کی ابتدائی رپورٹ بھی جاری کی گئی۔

رپورٹ سے معلوم ہوا تھا کہ ہیلی کاپٹر 10 بج کر 30 منٹ پر باجوڑ کے لیے روانہ ہوا اور 12 بجے کے قریب ہیلی کاپٹر سے رابطہ منقطع ہوا، 4 بجے ہیلی کاپٹر کو ٹریس کیا گیا جو مہمند میں کریش ہوا جس جگہ ہیلی کاپٹرکریش ہوا وہ تقریباً 8 ہزار میٹر بلندی پر ہے، جائے وقوعہ کے آس پاس کوئی آبادی نہیں، حادثہ خراب موسم اور دھند کے باعث پیش آیا کیوں کہ حادثہ جس جگہ پر ہوا وہاں بارش نہیں ہورہی تھی، وہاں اونچا پہاڑبادلوں اور دھند میں ڈوبا ہوا تھا۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات