Live Updates

مون سون کے ابھی مزید سپیل آئیں گے، شدت پہلے سے بھی زیادہ ہوگی، چیئرمین این ڈی ایم اے

موسمیاتی تبدیلی کے باعث مون سون سیزن کی شدت زیادہ ہے، گزشتہ سال کے مقابلے میں 50 سے 60 فیصد زیادہ بارشیں ہو رہی ہیں؛ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر کی پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی اتوار 17 اگست 2025 13:58

مون سون کے ابھی مزید سپیل آئیں گے، شدت پہلے سے بھی زیادہ ہوگی، چیئرمین ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اگست 2025ء ) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے مون سون کے مزید دو سے تین نئے سپیل کی پیشگوئی کرتے ہوئے خبردار کیا کہ بارشوں کی شدت پہلے سے زیادہ ہوگی، گرمی کی شدت زیادہ ہونے کی وجہ سے مون سون کا پھیلاؤ زیادہ ہے۔ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی سمیت کئی شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، موسمیاتی تبدیلی کے باعث مون سون سیزن کی شدت زیادہ ہے، گزشتہ سال کے مقابلے میں 50 سے 60 فیصد زیادہ بارشیں ہو رہی ہیں، ستمبر کے پہلے 10 دن تک مون سون کے مزید دو سے تین سلسلے آئیں گے، گلگت بلتستان میں فلش فلڈز اور سیاحتی مقامات پر حادثات پیش آئے، مواصلات کے نقصانات کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا، 2 ہفتوں میں ہمارا فوکس شمالی پنجاب، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان ہو گا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ پہلے گلگت بلتستان، بابوسر ٹاپ اور اب مالاکنڈ ڈویژن میں بارشوں سے زیادہ نقصان ہوا، سیلاب متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر سیلاب زدہ علاقوں کا مکمل سروے کرکے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں امدادی کام جاری ہے، اسلام آباد میں بھی کلاؤڈ برسٹ نوٹ کیا گیا ہے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ جن علاقوں میں رابطہ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں وہاں بحالی جاری ہے، متاثرہ اضلاع میں امدادی سامان اور خوراک فراہم کی جائے گی، این ڈی ایم اے صوبائی حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے، لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے، بونیر، باجوڑ اور بٹگرام میں بحالی کا کام جاری ہے، وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں سروے جاری ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات