Live Updates

لو گرو کا ٹائٹل گانا دل توڑن والیا ریلیز

فلم ’’لو گرو ‘‘کو عید الاضحی پر ریلیز کیا جائے گا

ہفتہ 24 مئی 2025 19:42

لو گرو کا ٹائٹل گانا دل توڑن والیا ریلیز
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مئی2025ء) ہمایوں سعید اور ماہرہ خان کی آنے والی رومانٹک فلم لو گرو کا ٹائٹل گانا دل توڑن والیا بھی ریلیز کردیا گیا۔لو گرو کو عید الاضحی پر ریلیز کیا جائے گا، فلم کا ٹریلر اور آ تینوں موج کراواں گانا بھی ریلیز کیا جا چکا ہے۔اب فلم کے ٹائٹل گانے کو ریلیز کردیا گیا، جس میں ماہرہ خان اور ہمایوں سعید سمیت فلم کے دیگر کرداروں کو بھی دکھایا گیا ہے۔

گانے کی ویڈیو میں ماہرہ خان کو انتہائی بولڈ انداز میں دکھایا گیا ہے جب کہ ہمایوں سعید اور ان کی ٹیم اداکارہ کی جاسوسی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔دل توڑن والیا کو عدنان ڈھول اور فارس شفیع نے گایا ہے جب کہ اس کی شاعری بھی عدنان ڈھول نے لکھی ہے۔گانے کی موسیقی کو بھی عدنان ڈھول نے ترتیب دیا ہے جب کہ گانے کی ریپ شاعری کے بول فارش شفیع نے لکھے ہیں۔

(جاری ہے)

گانے کو یوٹیوب پر 23 مئی کو ریلیز کیا گیا، جہاں اسے چند ہی گھنٹوں میں ہزارو بار دیکھا جا چکا تھا جب کہ گانا جلد ہی سوشل میڈیا پر ٹرینڈنگ بھی کرنے لگا۔دل توڑن والیا سے قبل لو گرو کا گانا آ تینوں موج کراواں بھی ریلیز کیا گیا تھا، جسے عارف لوہار اور فضا علی نے گایا ہے اور گانے پر ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کو رقص کرتے دکھایا گیا تھا۔اس سے قبل فلم کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے عید الاضحی پر ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

فلم لو گرو کا ٹریلر اگرچہ کہانی کو مکمل طور پر واضح نہیں کرتا، تاہم عندیہ ملتا ہے کہ ہمایوں سعید فلم میں ایک دل پھینک عاشق کے کردار میں نظر آئیں گے جو بعد میں ماہرہ خان کے والد (جاوید شیخ) کی طرف سے ایک ذمہ داری ملنے کے بعد سچی محبت میں گرفتار ہو جاتے ہیں۔.فلم کی شوٹنگ لندن میں کی گئی ہے، جہاں ماہرہ خان کو ایک خوبصورت، بولڈ اور فنونِ لطیفہ سے دلچسپی رکھنے والی لڑکی کے طور پر پیش کیا گیا ہے، جبکہ ہمایوں سعید کو لندن میں مختلف لڑکیوں کو محبت کے جال میں پھنسانے والے کردار میں دکھایا گیا ہے۔

فلم کی کہانی واسع چوہدری نے لکھی ہے، ہدایات ندیم بیگ نے دی ہیں، اور اسے ہمایوں سعید سمیت دیگر پروڈیوسرز نے پروڈیوس کیا ہے۔لو گرو کو اے آر وائے فلمز کے بینر تلے ریلیز کیا جائے گا۔ فلم میں رومانس کے ساتھ ساتھ پشتون اور پنجابی تڑکے والی مزاح بھی دیکھنے اور سننے کو ملے گی۔
Live عید الاضحیٰ سے متعلق تازہ ترین معلومات