پی ٹی آئی کا اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا راستہ کھلتا ہے تو اعتراض نہیں، عرفان صدیقی

بانی پی ٹی آئی سے نہ کوئی نوری ملا ہے نہ ناری اورنہ ہی خاکی، میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 24 مئی 2025 20:23

پی ٹی آئی کا اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا راستہ کھلتا ہے تو اعتراض نہیں، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مئی2025ء) مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کا دروازہ کھلتا ہے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں، اسٹیبلشمنٹ کے دروازے پر دستک دے دے کر پی ٹی آئی کے ہاتھ زخمی ہوگئے ہیں، اسٹیبلشمنٹ اگر بات چیت کے لئے آمادہ نہیں ہو رہی تو ہم کیا کریں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے انہوں نے کہا کہ پاک فوج کا اعلانیہ مؤقف ہے کہ ہمارا کام سیاستدانوں سے سیاسی مذاکرات کرنا نہیں، بانی پی ٹی آئی سے نہ کوئی نوری ملا ہے نہ ناری اورنہ ہی خاکی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی فوج کی دہلیز پر کب سے بیٹھے ہیں، اگر یہ ڈیل اور ڈھیل نہیں چاہتے تو پھر وہاں کیوں بیٹھے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کیا چاہتے ہیں یہ معاملہ سمجھ سے بالاتر ہے، پی ٹی آئی ایک ہارا ہوا لشکر ہے جس کے پاس مستقبل کا کوئی لائحہ عمل نہیں، انکو کوئی سمجھ نہیں آرہی کہ اب وہ کیا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی یاد رکھے جب بھی سیاستدانوں نے کوئی راستہ نکالا مل کر نکالا، پی ٹی آئی ایک پالیسی بنائے، ایک ایجنڈا پر متفق ہوکر بات چیت کیلئے حکومت کے پاس آئے، بانی پی ٹی آئی جس انجام سے دو چار ہیں اس کا راستہ انہوں نے خود چنا۔