ہمیں اپنے بھائیوں کے ساتھ محبت، عزت، اعتماد کا رشتہ مزید مضبوط بنانا چاہیے، حاجی رانا محمد اویس

ہفتہ 24 مئی 2025 18:30

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2025ء) بھائی کا رشتہ انسان زندگی کا ایک بے مثال سہارا ہے بھائی محض خون کا رشتہ نہیں بلکہ ایک احساس، ایک حفاظت، اور ایک دعاؤں بھری چھاؤں ہے۔ زندگی کے اتار چڑھاؤ میں بھائی وہ شخصیت ہے جو بغیر کسی لالچ کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے اور بسا اوقات ماں باپ کی غیر موجودگی میں ان دونوں کی ذمہ داریاں بھی نبھاتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار حاجی رانا محمد اویس نے بھائیوں کے عالمی دن کے موقع پر’’ اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر حاجی رانا محمد اویس نے مزید کہا کہ Brother’s Day ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ ہمیں اپنے بھائیوں کے ساتھ محبت، عزت اور اعتماد کے رشتے کو مزید مضبوط بنانا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہم ان رشتوں کی قدر کریں جب وہ ہمارے ساتھ موجود ہوں، کیونکہ یہی خاندانی بندھن معاشرتی مضبوطی کی بنیاد ہیں۔

حاجی رانا محمد اویس نے نوجوان نسل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا اور مصروف زندگی نے ہمیں رشتوں سے دور کر دیا ہے، لیکن بھائی جیسے رشتے کو وقت، توجہ اور محبت دینا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ Brother’s Day کے موقع پر انہوں نے دعا کی کہ اللہ ہر کسی کو ایسا بھائی عطا کرے جو سایہ، محافظ اور مخلص ساتھی ہو۔