گوادر مستقبل کا عالمی تجارتی اور اقتصادی مرکز بن رہا ہے، ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی

ہفتہ 24 مئی 2025 20:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2025ء) ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ڈی جی جی ڈی اے) سیف اللّٰہ کھیتران نے کہا ہے کہ گوادر مستقبل کا عالمی تجارتی اور اقتصادی مرکز بن رہا ہے۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم گوادر سمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان کے تحت ایک جدید، سرسبز اور پائیدار شہر کی تعمیر کے لیے پُرعزم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے تعلیم و صحت کو ادارے کی اولین ترجیح قرار دیا، جہاں جی ڈی اے پبلک ہائر سیکنڈری سکول میں معیاری تعلیم اور پاک-چائنا فرینڈشپ ہسپتال میں مفت اور اعلیٰ طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ شہر میں سڑکیں، پارکس، کھیل کے میدان، بریک واٹرز اور ماہی گیروں کے لیے جدید منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں، ماحولیات کے تحفظ کے لیے شجرکاری، گرین ایریاز اور سیوریج ٹریٹمنٹ سسٹمز پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، اولڈ ٹاؤن بحالی منصوبہ کے تحت تاریخی مقامات کی تعمیر و تحفظ ، تزئین، شہر کے قدیم اسکولوں کی تعمیر و توسیع اور بنیادی سہولیات کی فراہمی سے شہری معیارِ زندگی بہتر ہوا ہے۔