ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کامحکمہ سماجی بہبود کے زیر انتظام ادارہ برائے علاج و بحالی مریضانِ منشیات مشرقی بائی پاس سینٹر کا دورہ

ہفتہ 24 مئی 2025 21:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2025ء) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) محمد وقار کاکڑ کے ہمراہ محکمہ سماجی بہبود کے زیر انتظام ادارہ برائے علاج و بحالی مریضانِ منشیات، مشرقی بائی پاس سینٹر کا تفصیلی دورہ کیا۔اس موقع پر سینٹر کے ہیڈ ایڈمنسٹریٹر حنیف رند نے انہیں سینٹر کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کرایا۔

ڈپٹی کمشنر نے نشئی وارڈز، تربیتی شعبہ جات جن میں ٹیلرنگ سینٹر، چپل سازی اور مختلف مضامین کی تدریس کے مراکز شامل تھے کا جائزہ لیا۔ ان تربیتی مراکز میں داخل مریضوں کو باقاعدہ طور پر ہنر مند بنانے کی تربیت دی جا رہی ہے تاکہ وہ صحتیاب ہونے کے بعد معاشرے کا کارآمد حصہ بن سکیں۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے سینٹر میں زیر علاج مریضوں سے فرداً فرداً ملاقات کی، ان کی خیریت اور ان کو درپیش مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔

(جاری ہے)

مریضوں نے علاج اور تربیت کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا۔ہیڈ ایڈمنسٹریٹر حنیف رند نے ادارے کو درپیش مسائل، سہولیات کی کمی اور ضروریات سے بھی ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا۔ جن میں ادویات، تربیتی سامان اور بنیادی سہولیات کی کمی کو اجاگر کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی نے ادارے کی کارکردگی کو سراہا اور بحالی کے اس مشن میں عملے کی محنت کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں کہ ادارے کو درپیش مسائل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ترجیحی بنیادوں پر ممکن بنایا جائے تاکہ مریضوں کی بحالی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :