طوفانی بارشیں,بونیر میں شادی کی خوشیاں ماتم میں تبدیل، ایک ہی خاندان کے 21 افراد جاں بحق

اتوار 17 اگست 2025 19:15

طوفانی بارشیں,بونیر میں شادی کی خوشیاں ماتم میں تبدیل، ایک ہی خاندان ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2025ء)خیبر پختونخوا کے سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں بونیر سرفہرست ہے جہاں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا۔ شادی کی تیاری میں مصروف خاندان کی خوشیاں بھی سیلاب بہا لے گیا، کئی کی لاشیں مل گئیں جبکہ بہت سے اب بھی لاپتہ ہیں۔ حالیہ بارشوں، بادل پھٹنے کے واقعات اور سیلابی ریلوں کے باعث اب تک خیبر پختونخوا میں 328 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

خیبر پختونخوا کے سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں بونیر سرفہرست ہے جہاں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا، 200 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے جبکہ درجنوں زخمی ہیں۔ کئی مکانات تباہ ہو گئے جبکہ مال مویشی بھی سیلابی ریلوں کی نذر ہو گئے۔متاثرہ علاقوں میں امدادی کاروائیاں تیزی سے جاری ہے، وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام ضلع شانگلہ و بونیر، وفاقی وزیر برائے پاور ڈویڑن اویس لغاری ضلع بونیر، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف ضلع مانسہرہ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی مبارک زیب ضلع باجوڑ میں امدادی سامان کی سیلاب متاثرین تقسیم کی نگرانی کریں گے۔پاک فوج سمیت دیگر تمام ادارے اور این جی اوز بھی ریلیف کے کاموں میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔