چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا پنجاب کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں اور آندھی کے باعث انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس

اتوار 25 مئی 2025 00:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2025ء) چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی نے پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید آندھی اور بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔سینیٹ سیکرٹریٹ میڈیا ڈائریکٹوریٹ سے جاری بیان کے مطابق اپنے تعزیتی پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ قدرتی آفات انسان کے صبر، یکجہتی اور ہمدردی کا امتحان ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

اس افسوسناک صورتحال میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مرحومین کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل دے۔سید یوسف رضا گیلانی نے زخمی افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں اور متاثرہ علاقوں میں امدادی و بحالی کے عمل کو فوری اور مؤثر طریقے سے یقینی بنایا جائے۔