منڈی بہائوالدین ،دو کم عمر بچے مچھلی فارم تالاب میں ڈوب کر جاں بحق، لاشیں نکال لی گئیں

پیر 26 مئی 2025 00:20

منڈی بہائوالدین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2025ء) منڈی بہاؤالدین کے نواحی گاؤں دھبولہ میں دو کم عمر بچے فِش فارم کے گہرے پانی میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہو گئے، یہ افسوسناک واقعہ پولیس سرکل پھالیہ کی حدود میں پیش آیا۔ جاں بحق بچوں کی شناخت 9 سالہ شاہ زیب اور 8 سالہ مرسلین کے نام سے ہوئی ہے۔عینی شاہدین کے مطابق دونوں بچے کھیل کود کے دوران فِش فارم کے قریب پہنچے اور نہاتے ہوئے گہرے پانی میں چلے گئے، جہاں وہ پانی کی تہہ میں جا اترے۔

(جاری ہے)

واقعے کے فوراً بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت ریسکیو کارروائی کرتے ہوئے دونوں بچوں کی لاشیں پانی سے نکالیں۔تھانہ بھاگٹ کے ایس ایچ او محمد نواز نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں بچے گاؤں کے رہائشی تھے اور ان کی موت فِش فارم میں ڈوبنے کے باعث ہوئی۔اس حادثے نے پورے گاؤں کو سوگ میں مبتلا کر دیا۔ جب بچوں کی لاشیں گھروں کو پہنچیں تو کہرام مچ گیا، ہر آنکھ اشکبار ہو گئی اورننھے پھولوں کی موت نے ہر دل کو غمزدہ کر دیا۔اہل علاقہ نےضلعی انتظامیہ اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فِش فارم جیسے مقامات کو حفاظتی دیواروں سے محفوظ بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں۔