وزیراعظم نے افسران کی کارکردگی کے جائزے سے متعلق اہم ترامیم کی منظوری دیدی

وفاق کے گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے تمام افسران کے لیے سال میں ایک مرتبہ طبی معائنہ لازمی قرار

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 26 مئی 2025 16:00

وزیراعظم نے افسران کی کارکردگی کے جائزے سے متعلق اہم ترامیم کی منظوری ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 26 مئی ۔2025 )وزیراعظم شہباز شریف نے سرکاری افسران کی کارکردگی کے جائزے سے متعلق اہم ترامیم کی منظوری دےدی ہے تاہم ان ترامیم کے تحت وفاقی حکومت کے گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے تمام افسران کے لیے سال میں ایک مرتبہ طبی معائنہ لازمی قرار دیا گیا ہے. رپورٹ کے مطابق افسران کو ملازمت میں برقرار رکھنے، تربیتی کورسز میں نامزدگی اور ترقیوں کے فیصلے اب ان کی سالانہ میڈیکل رپورٹس کی بنیاد پر کیے جائیں گے وزیراعظم کی منظوری کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے اس حوالے سے باضابطہ مراسلہ تمام وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کو ارسال کر دیا ہے جبکہ تمام صوبوں کو بھی اس پالیسی پر عمل درآمد کے لیے ہدایات جاری کی گئی ہیں.

(جاری ہے)

اس اقدام کا مقصد بیماریوں کی بروقت تشخیص، افسران کی قابلیت کا تعین اور انہیں اہم ذمہ داریوں کے لیے اہل قرار دینا ہے ذرائع نے بتایا ہے کہ ہر افسر کے طبی معائنے کے لیے ایک مخصوص پروفارما جاری کیا جائے گا اور یہ معائنہ مجاز میڈیکل آفیسرز کی نگرانی میں سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں یا ضلعی ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں میں کیا جائے گا جبکہ تمام سالانہ میڈیکل رپورٹس متعلقہ وزارت یا کیڈر ایڈمنسٹریٹر کو ہر سال 31 مارچ تک فراہم کرنا لازمی ہوگا.

علاوہ ازیں افسر کے طبی معائنے کی تکمیل کی تصدیق کا سرٹیفکیٹ بھی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ارسال کیا جائے گا، ہر افسر کی میڈیکل رپورٹ علیحدہ میڈیکل رول کے طور پر محفوظ کی جائے گی، اگر کوئی افسر ذہنی یا جسمانی طور پر مکمل معذور قرار پاتا ہے تو اس کا مزید جائزہ ایک میڈیکل بورڈ کے ذریعے لیا جائے گا. ذرائع کے مطابق فیڈرل پبلک سروس کمیشن(ایف پی ایس سی)کی ایک جائزہ کمیٹی تمام شواہد کی روشنی میں حتمی سفارشات تیار کرے گی اور وزیراعظم کو رپورٹ پیش کرے گی.