فرانسیسی صدرکو اہلیہ نے تھپڑ مار دیا، ویڈیو وائرل

پیر 26 مئی 2025 21:56

فرانسیسی صدرکو اہلیہ نے تھپڑ مار دیا، ویڈیو وائرل
ویتنام(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مئی2025ء)فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون اور ان کی اہلیہ برگیٹ میکرون کے درمیان ویتنام آمد پر طیارے میں ہونے والے مبینہ ’’تھپڑ‘‘ کے واقعے نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی ہے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب دونوں میاں بیوی جنوب مشرقی ایشیا کے دورے کے پہلے مرحلے پر ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی پہنچے۔

امریکی خبر رساں ادارے ’’ایسوسی ایٹڈ پریس‘‘ (اے پی) کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی طیارے کا دروازہ کھلتا ہے، ایمانوئل میکرون نمودار ہوتے ہیں۔ اسی لمحے برگیٹ میکرون کی بانہیں بائیں طرف سے آتی ہیں اور وہ دونوں ہاتھوں سے میکرون کے چہرے کو ایک جھٹکے سے پیچھے دھکیلتی ہیں۔ میکرون لمحاتی طور پر حیرت زدہ نظر آتے ہیں لیکن فوراً خود کو سنبھالتے ہوئے باہر موجود ہجوم کی جانب ہاتھ ہلاتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس واقعے کے بعد دونوں میاں بیوی طیارے سے اترتے ہیں، لیکن برگیٹ میکرون اپنے شوہر کی پیشکش کے باوجود ان کے بازو میں بازو ڈالنے سے گریز کرتی ہیں اور دونوں ساتھ ساتھ سیڑھیاں اترتے ہیں۔یہ ویڈیو تیزی سے انٹرنیٹ پر وائرل ہو گئی، خاص طور پر ان سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جن کا جھکاؤ فرانسیسی صدر کے خلاف سمجھا جاتا ہے۔ابتدائی طور پر فرانسیسی صدارتی دفتر نے ان مناظر کی اصلیت کو مسترد کیا، لیکن بعد ازاں ان کی تصدیق کر دی گئی۔

رپورٹس کے مطابق صدر کے قریبی دوستوں نے واقعہ کو صرف ایک معمولی گھریلو تکرار قرار دیا ہے اور کہا کہ صدر اور ان کی اہلیہ دورے کے آغاز سے قبل ایک لمحے کے لیے ہلکے پھلکے انداز میں ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزار رہے تھے۔ یہ صرف ایک نجی لمحہ تھا، جسے سازشی نظریات کے حامیوں نے بڑھا چڑھا کر پیش کیا۔‘فرانسیسی صدر کا یہ دورہ تقریباً ایک ہفتے پر مشتمل ہے، جس میں وہ ویتنام کے بعد انڈونیشیا اور سنگاپور بھی جائیں گے۔ اس دورے کا مقصد خطے میں فرانس کو امریکہ اور چین کے مقابلے میں ایک قابل بھروسا متبادل کے طور پر پیش کرنا ہے۔