ڈی پی او سیالکوٹ کا شہری کی شکایت پر فوری ایکشن، ایس ایچ او مراد پور معطل

پیر 26 مئی 2025 22:10

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2025ء) ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے شہری سے ناروا سلوک پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ایس ایچ او مراد پور کو معطل کر دیا اور انکوائری کا حکم جاری کر دیا۔ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے شہری سے ناروا سلوک کی شکایت پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ مراد پور اکرم شہباز کو معطل کرکے عہدے سے ہٹا دیا ہے اور معاملے کی انکوائری کے لیے ڈی ایس پی صدر محمد نعمان کو احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

(جاری ہے)

ٹبی آرائیاں کے رہائشی شہری قیصر نے چوری کی واردات کی اطلاع 15 پر کال کر کے دی تھی۔ ایس ایچ او اکرم شہباز نے مقدمہ درج کرنے کے بجائے مبینہ طور پر جھوٹی کال کا الزام لگاتے ہوئے شہری کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ڈی پی او فیصل شہزاد نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ پولیس کا بنیادی فریضہ عوام کو تحفظ فراہم کرنا ہے، تشدد یا ناروا سلوک کسی صورت قابلِ قبول نہیں، شہریوں کے ساتھ بدسلوکی کرنے والے افسران کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔سیالکوٹ پولیس شہریوں کی خدمت اور ان کے جان و مال کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے اور ایسی کسی بھی ناانصافی پر فوری اور مؤثر کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔

متعلقہ عنوان :