جامعہ زرعیہ میں تین روزہ میلہ مویشیاں کا آغاز کردیا گیا

منگل 27 مئی 2025 16:41

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2025ء) جامعہ زرعیہ میں تین روزہ اونٹ، بیل اور بکریوں کا میلہ شروع ہو گیا ہے جس میں جانوروں کے وزن، دودھ اور خوبصورتی کے مقابلے منعقد کئے جا رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مقابلہ جات میں وزنی بکرا، خوبصورت و تیار بکرا، پیور ٹیڈی بکرا، کراس ٹیڈی بکرا، ہیوی بچھڑا، ہیوی اونٹ، خوبصورت تیار اونٹ، وزنی چھترا، دودھ والی بکریاں شامل ہیں۔

فیکلٹی آف اینیمل ہسبنڈری زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور انٹرنیشنل گوٹ اینڈ بل ایسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقدہ میلے کے مہمان خصوصی زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ذوالفقار علی اور پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرپرسن ڈاکٹر اقرار احمد خاں تھے۔ ڈین اینیمل ہسبنڈری ڈاکٹر قمر بلال، چیئرمین انٹرنیشنل گوٹ اینڈ بل ایسوسی ایشن چودھری عطا محمد گجر، چودھری محمد اشرف گجر، ڈاکٹر سیف الرحمن و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملک بھر سے کسان اس میلے میں حصہ لے رہے ہیں جس کا مقصد پیداوار میں اضافہ اور غذائی استحکام کو یقینی بنانا ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ یہ میلہ یونیورسٹی کی سالانہ روایت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک ایسا ماحول پیدا کرتا ہے جس سے جانوروں کی بہترین نسلوں کی افزائش ممکن ہوتی ہے جو کاشتکاروں کی آمدن بڑھانے اور فوڈ سکیورٹی کو یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کسانوں اور زرعی ماہرین کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے زور دیا کہ زرعی ماہرین کی سفارشات کو کسان برادری تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور تخفیف غربت کیلئے زرعی ترقی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پیداوار میں اضافے کیلئے مشترکہ کاوشوں کو عمل میں لانا ہو گا۔ پروفیسر ڈاکٹر قمر بلال نے کہا کہ فیکلٹی آف اینیمل ہسبنڈری کاشتکاروں میں جدید رجحانات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ فی جانور پیداوار میں اضافے کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ میلے میں انیس کیٹیگریز رکھی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :