سندھ حکومت کی سرکاری تقریبات میں بچوں کے ذریعے مہمانوں کے استقبال، اجرک و ٹوپی اور تحائف پیش کرنے مکمل پابندی عائد

محکمہ ایجوکیشن سندھ کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ، کسی سرکاری تعلیمی ادارے میں بچوں کو مہمانوں کے استقبال کیلئے قطار میں کھڑا نہیں کیا جائے گا اس عمل کو غیر مناسب قرار دیتے ہوئے پابندی عائد کی گئی ہے

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 27 مئی 2025 14:12

سندھ حکومت کی سرکاری تقریبات میں بچوں کے ذریعے مہمانوں کے استقبال، ..
کراچی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27 مئی 2025) سرکاری تقریبات میں بچوں کے ذریعے مہمانوں کے استقبال، اجرک و ٹوپی دینے اور تحائف پیش کرنے مکمل پابندی عائد، محکمہ ایجوکیشن سندھ کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، سندھ حکومت نے بچوں کے ذریعے مہمانوں کے استقبال کرنے کی روایت کوختم کرنے کیلئے اہم فیصلہ کرلیا، جاری کر دہ نوٹیفیکشن کے مطابق اب کسی سرکاری تعلیمی ادارے میں بچوں کو مہمانوں کے استقبال کیلئے قطار میں کھڑا نہیں کیا جائے گا۔

اس عمل کو غیر مناسب قرار دیتے ہوئے مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔اس حوالے سے تمام ڈائریکٹرز، پرنسپلز اور ہیڈ ماسٹرز کو فوری طور پر احکامات پر عمل درآمد کی ہدایات کی گئیں ہے۔ سرکاری سطح پر اجرک، سندھی ٹوپی یا کوئی تحفہ دینے کی روایت بھی بند کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

نوٹیفکیشن میں ہدایت کی گئی ہے کہ اس نئی پالیسی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا تاکہ تعلیمی ماحول کو رسمی تقاریب کے بجائے تعلیمی سرگرمیوں تک محدود رکھا جا سکے۔

حکومت سندھ کااس حوالے سے کہناہے کہ تمام ادارے ان احکامات پر مکمل عمل درآمد کے پابند ہوں گے اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔واضح رہے کہ اس سے قبل سندھ حکومت نے پلاسٹک شاپنگ بیگز پر15 جون سے مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔محکمہ ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی و ساحلی ترقی کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا تھاجس کے مطابق پابندی کا اطلاق نان ڈیگریڈیبل، اوکسو ڈیگریڈیبل، بلیک اور ری سائیکلڈ پلاسٹک بیگز پر بھی کیا گیا تھا۔

بتایا گیا تھا کہ یہ اقدام سندھ پروہیبیشن آف نان ڈیگریڈیبل پلاسٹک پروڈکٹس رولز 2014 میں ترمیم کے تحت کیا گیا ہے۔ سیکرٹری ماحولیات آغا شاہنواز کا کہنا تھا کہ صرف ماحول دوست بیگز کے استعمال کی اجازت ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ پلاسٹک بیگز ماحولیاتی تباہی کی بنیاد ہیں اب صرف اعلان نہیں بلکہ زیرو ٹالرنس کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔صوبائی حکومت نے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے اہم قدم اٹھاتے ہوئے ہر قسم کے پلاسٹک شاپنگ بیگز پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :