اسلام آباد ایکسپریس حادثہ؛ ابتدائی رپورٹ میں ڈرائیور قصوروار قرار

ٹرین روانگی سے قبل ایک بوگی کی الائنمنٹ میں خرابی کی اطلاع دی گئی تھی جسے نظر انداز کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 2 اگست 2025 12:38

اسلام آباد ایکسپریس حادثہ؛ ابتدائی رپورٹ میں ڈرائیور قصوروار قرار
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 اگست 2025ء ) اسلام آباد ایکسپریس کو پیش آنے والے حادثے کی ابتدائی رپورٹ میں ڈرائیور قصوروار قرار دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سے راولپنڈی جانے والی اسلام آباد ایکسپریس کو کالا شاہ کاکو کے قریب خوفناک حادثہ پیش آیا، جس میں ٹرین کی 7 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، اس حادثے میں 30 سے زائد مسافر زخمی ہوئے، حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کی ابتدائی انکوائری رپورٹ تیار کرلی گئی ہے جس میں ٹرین کے ڈرائیور کو قصوروار قرار دیا گیا کیوں کہ ڈرائیور نے مقررہ رفتار کو نظر انداز کیا جب کہ ٹرین روانگی سے قبل ایک بوگی کی الائنمنٹ میں خرابی کی اطلاع دی گئی تھی جسے نظر انداز کیا گیا اور اس حادثے میں مجموعی طور پر نو بوگیاں متاثر ہوئیں، تاہم ٹرین کا انجن محفوظ رہا، جائے حادثہ پر 800 میٹر ٹریک متاثر ہوا، ہیوی مشینری کی مدد سے عارضی ٹریک بچھانے کا کام جاری ہے تاکہ ٹرینوں کی آمدورفت جلد بحال کی جا سکے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ٹریک کی مکمل بحالی میں مزید پانچ گھنٹے لگ سکتے ہیں، ریلوے حکام نے حادثے کی تحقیقات کے لیے ایک ہائی لیول کمیٹی تشکیل دے دی ہے، ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ٹریک میں کریک آنے کی وجہ سے بھی یہ حادثہ پیش آیا، حادثے کے بعد وفاقی وزیر برائے ریلوے نے حادثے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے سی ای او ریلوے اور ڈی ایس ریلوے کو فوری جائے وقوعہ پر پہنچنے کی ہدایت کی۔

معلوم ہوا ہے کہ حادثے کے باعث ریلوے ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہے اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، ریلوے سروس جلد بحال کر دی جائے گی، وزیر ریلوے نے ریلوے عملے کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے، طبی ٹیموں کو فوری روانہ کرنے اور حادثے کی مکمل انکوائری رپورٹ سات روز میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے جب کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ٹرین حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور متعلقہ حکام کو مکمل تعاون فراہم کرنے کی ہدایت کی۔