چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا قومی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کے تحفظ کےلئے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ

ہفتہ 2 اگست 2025 13:58

چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا قومی خودمختاری اور جغرافیائی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قومی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کے تحفظ کےلئے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی یکجہتی ، سول ملٹری ہم آہنگی اور ہائی بریڈ خطرات کے مقابلے اور معاشرتی ہم آہنگی کے فروغ کےلئے قومی سطح کے اشتراک کی ضرورت ہے۔

ہفتہ کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملتان گیریژن کا دورہ کیا، انہیں کور ہیڈکوارٹرز میں فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں اور جاری تربیتی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، اعلیٰ معیار کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے قومی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کے تحفظ کےلئے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ماہرین تعلیم اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سے تعارفی نشست میں شرکت کی جہاں انہوں نے قومی یکجہتی ، سول ملٹری ہم آہنگی اور ہائی بریڈ خطرات کے مقابلے اور معاشرتی ہم آہنگی کے فروغ کےلئے قومی سطح کے اشتراک کی اہمیت پر زور دیا۔ دورے کے دوران چیف آف آرمی سٹاف نے پاک فوج کے فضائی شعبے میں جدید زیڈ۔

10 ایم ای ہیلی کاپٹر کی شمولیت کی تقریب کی صدارت بھی کی۔ یہ جدید ترین ہیلی کاپٹر رات اور دن میں درستگی سے حملے کی صلاحیت رکھتا ہے، جدید راڈار سسٹمز اور جدید ترین الیکٹرانک وار فیئر سوہٹس سے لیس یہ ہیلی کاپٹر پاک فوج کی فضائی اور زمینی خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت کو نمایاں طور پر بڑھاتا ہے۔ بعد ازاں چیف آف آرمی سٹاف نے مظفر گڑھ فیلڈ فائرنگ ریجنز میں نئے شامل کئے گئے زیڈ ۔

10 ایم ای ہیلی کاپٹروں کی فائر پاور کا عملی مظاہرہ بھی دیکھا، اس جدید نظام کی شمولیت پاک فوج کے فضائی شعبہ کی جدیدیت کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے جو میدان جنگ میں موثر رد عمل اور دشمن پر فیصلہ کن برتری قائم کرنے کی صلاحیت کو مزید مستحکم کرتا ہے۔ جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے ان کے بلند حوصلے ، پیشہ وارانہ مہارت اور جنگی تیاریوں کو سراہا۔ انہوں نے مشترکہ عسکری حربی حکمت عملی کے کامیاب مظاہرے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پاک فوج کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ بدلتی ہوئی جنگی نوعیت میں فیصلہ کن برتری برقرار رکھنے کےلئے پرعزم ہے۔ قبل ازیں ملتان گیریژن آمد پر کور کمانڈر ملتان نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا پرتپاک استقبال کیا۔\932