سپیکر قومی اسمبلی کی رسجاکے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد

منگل 27 مئی 2025 22:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2025ء)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (رسجا)کے حالیہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے تمام نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی ہے۔منگل کو ایازصادق نے اپنے تہنیتی پیغام میں صدر ابوبکر بن طلعت، جنرل سیکرٹری سید ارسلان شیرازی، فنانس سیکرٹری ناصر عباس نقوی، سینئر نائب صدر ذوالفقار بیگ، نائب صدور عقیل انجم اور اصغر علی مبارک، جوائنٹ سیکرٹریز حافظ عبدالرحمان اور عاصم ریاض سمیت تمام نومنتخب عہدیداران کو ان کی کامیابی پر خصوصی طور پر مبارکباد دی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ رسجا کے نومنتخب عہدیداران کی کامیابی ان پر صحافی برادری کے بھرپور اعتماد کی مظہر ہے۔

(جاری ہے)

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ رسجا ایک سرگرم اور منظم صحافتی تنظیم ہے جو کھیلوں کی صحافت کے فروغ، پیشہ وارانہ تربیت اور صحافی برادری کے حقوق کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے آزاد، غیر جانبدار اور مثبت صحافت ناگزیر ہے اور پارلیمنٹ ہمیشہ ایسی صحافت کی حامی رہی ہے جو حقائق پر مبنی ہو اور قومی مفادات کا تحفظ کرے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے اس امید کا اظہار کیا کہ رسجا کی نئی قیادت اپنی پیشہ ورانہ مہارت، تجربے اور جذبے کی بنیاد پر صحافی برادری کی توقعات پر پورا اترے گی اور ایسوسی ایشن کو مزید مضبوط، فعال اور باوقار ادارہ بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو درپیش چیلنجز اور مسائل کا انہیں بخوبی ادراک ہے اور قومی اسمبلی صحافی برادری کے مسائل کے حل اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے ہرممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے رسجا کی نئی قیادت کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور ان کی کامیابی کیلئے دعا کی۔