لاڑکانہ،جرائم پیشہ افراد کو قانون کی گرفت میں لانے کے لیے ضلع بھر کے اندر گشت میں اضافہ،فلیگ مارچ

منگل 27 مئی 2025 23:40

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2025ء) ایس ایس پی لاڑکانہ احمد چوہدری کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق جرائم پیشہ افراد کو قانون کی گرفت میں لانے کے لیے ضلع بھر کے اندر گشت میں اضافہ اور فلیگ مارچ کیا گیا۔فلیگ مارچ میں ڈی ایس پی صدر سول لائنز سعد جبار،ڈی ایس پی حیدری احمد بخش راھو،ڈی ایس پی عاقل فہد ارشاد مغل اور ڈی ایس پی باقرانی میر امداد علی ٹالپر سمیت مختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز، ٹریفک سارجنٹس اور 15 مددگار فائیٹرز سمیت دیگر پولیس افسران و جوانان شریک ہوئے۔

فلیگ مارچ کے دوران لاڑکانہ پولیس کی بڑی تعداد میں گاڑیاں اور 15 مددگار کی موٹر سائیکلیں شامل تھیں۔فلیگ مارچ ایس ایس پی چوک سے شروع ہوکر بیگم نصرت بھٹو اوور ہیڈ برج،اسٹیشن روڈ، باقرانی روڈ،سیال چوک، ایمائر روڈ، بندر روڈ،نشتر روڈ،نیو بس ٹرمینل،جی ٹی روڈ، شیخ زید چوک، شیریں امیر بیگم بھٹو اوور ہیڈ برج، سرشاہنواز بھٹو روڈ،شاہراہ رضا شاہ پہلوی، علامہ مشرقی روڈ سے حیات محمد خان شیرپاو روڈ سمیت پورے شہر کے گشت کے بعد واپس ایس ایس پی چوک پر اختتام پذیر ہوا۔

(جاری ہے)

فلیگ مارچ کا مقصد شہریوں کو احساس تحفظ دلانا اور جرائم پیشہ افراد پر کڑی نظر رکھنا ہے۔لاڑکانہ پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ افراد کو قانون کی گرفت میں لانے کے لیے سرچ و کومبنگ آپریشن کا سلسلہ بھی جاری ہے۔