ٹرمپ انتظامیہ کا صحت مند بچوں اور حاملہ خواتین کے لیے کورنا ویکسین سے استثنی دینے کا اعلان

سی ڈی سی مراکز اب صحت مند بچوں اور حاملہ خواتین کو کوویڈ19کی ویکسین لینے کی سفارش نہیں کریں گے. رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 28 مئی 2025 16:24

ٹرمپ انتظامیہ کا صحت مند بچوں اور حاملہ خواتین کے لیے کورنا ویکسین ..
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 28 مئی ۔2025 )ٹرمپ انتظامیہ نے صحت مند بچوں اور حاملہ خواتین کے لیے کورنا ویکسین سے استثنی دینے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ سی ڈی سی مراکز اب صحت مند بچوں اور حاملہ خواتین کو کوویڈ19کی ویکسین لینے کی سفارش نہیں کریں گے. صحت اور انسانی خدمات کے وزیر رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ پچھلے سال بائیڈن انتظامیہ نے صحت مند بچوں کو بوسٹر لگانے کی حمایت کی تھی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کمشنر ڈاکٹر مارٹی ماکاری کا ہے کہنا کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ صحت مند بچوں کو ویکسین یا بوسٹر کی ضرورت ہے زیادہ تر ممالک نے بچوں کے لیے یہ ویکسین بند کر دی ہے.

(جاری ہے)

امریکی محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیداروں نے سالانہ بنیادوں پرکوویڈ19کے بوسٹر تک رسائی کو سخت کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جو اب بھی بزرگوں اور مخصوص حالات میں تجویز کیا جاتا ہے اس سے پہلے چھ ماہ یا اس سے زیادہ عمر کے ہر فرد کے لیے ویکسین تجویز کی گئی تھی اعلان کردہ فریم ورک کے تحت ٹرمپ انتظامیہ 65 سال اور اس سے زیادہ عمر کے لوگوں اور خطرے والی آبادیوں کو بوسٹر لگانے کی اجازت دے گی لیکن اس کے لیے سخت جانچ پڑتال کا ایک طریقہ طے کیا گیا ہے.

سیکرٹری صحت کینیڈی اور ان کی ٹیم کے صحت کے شعبہ میں طویل تجربہ رکھنے والے حکام اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ نے ویکسین کی تقسیم کے بارے میں شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے آسٹریلیا، بیلجیم، کینیڈا، ڈنمارک اور سوئٹزرلینڈ میں65 سال اور اس سے زیادہ عمر کے افراد کو کوویڈ19اور سارس وائرس کی ویکسین سالانہ بنیادوں پر دی جاتی ہے‘جرمنی اور نیدرلینڈز میں60 سال اور اس سے زیادہ عمر کے لوگوں کو، برطانیہ 75 سال یا اس سے زیادہ عمر کے لوگوں کو جبکہ سویڈن 80 سال یا اس سے زیادہ عمر کے لوگوں کو یہ ویکسین سالانہ بنیادوں پر دی جاتی ہے.

واضح رہے کہ مئی کے آغازمیں ایف ڈی اے نے نووایکس کی ویکسین کو 65 سال اور اس سے اوپر کے بالغوں کے ساتھ ساتھ 12 سے 64 سال کی عمر کے افراد کے لیے صحت کے مخصوص مسائل اور حالات میں لگانے کی منظوری دی تھی .