ایف آئی اے کا غیرقانونی کرنسی ایکسچینج اور حوالہ ہنڈی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری، 282 ملزمان گرفتار

جمعہ 25 جولائی 2025 20:01

ایف آئی اے کا غیرقانونی کرنسی ایکسچینج اور حوالہ ہنڈی کے خلاف کریک ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جولائی2025ء)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی ای) نے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج اور حوالہ ہنڈی کے نیٹ ورک کے خلاف اپنے کریک ڈاؤن کو مزید تیز کر دیا ہے۔ ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار راجہ کی ہدایات پر، ایف آئی اے نے مصدقہ ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر ملک بھر میں بھرپور کارروائیاں جاری رکھی ہیں۔

رواں سال کے دوران ایف آئی اے نے 256 چھاپہ مار کارروائیوں میں 282 ملزمان کو گرفتار کیا ہے، جن میں سے 213 مقدمات درج کیے گئے ہیں اور 762.27 ملین روپے ریکور کیے گئے ہیں۔ ایف آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ متعدد غیر قانونی کرنسی ایکسچینج دکانوں کو بھی سیل کر دیا گیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت حاصل کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ڈی جی ایف آئی اے نے کہا کہ حوالہ ہنڈی میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، اور غیر ملکی کرنسی کی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف ٹھوس شواہد کی بنیاد پر قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی کرنسی کی خرید و فروخت میں ملوث بین الاقوامی ایجنٹوں کے خلاف بھی سخت کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ ڈی جی ایف آئی اے نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث نیٹ ورک کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ ملکی مالی نظام کی سالمیت کو برقرار رکھا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :