بجلی مہنگی ہونے کا امکان

وزیراعظم کے سستی بجلی پیکج کے تحت مزید ریلیف کی مدت ختم ہونے کے قریب ، سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں 1.55 روپے فی یونٹ کمی کا ریلیف رواں ماہ ختم ہو جائے گا

جمعہ 25 جولائی 2025 18:12

بجلی مہنگی ہونے کا امکان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جولائی2025ء) بجلی مہنگی ہونے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت ملک بھرکے بجلی صارفین کے لیے بری خبر، وزیراعظم شہباز شریف کے سستی بجلی پیکج کے تحت مزید ریلیف کی مدت ختم ہونے کے قریب ہے۔ذرائع کے مطابق سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں 1.55 روپے فی یونٹ کمی کا ریلیف رواں ماہ ختم ہوجائیگا، صارفین کویہ ریلیف گزشتہ مالی سال کی تیسری سہ ماہی ایڈ جسٹمنٹ میں دیاجارہا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 4.51 روپے فی یونٹ تک کمی کی مدت گزشتہ ماہ ختم ہوگئی تھی، کراچی کیلیے 3.61 روپے فی یونٹ کمی کا ریلیف بھی اس میں شامل تھا۔ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال کی دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں 1.90روپے کمی کی مدت ختم ہوگئی تھی، جبکہ پیٹرولیم لیوی کی مد میں 1.71 روپیفی یونٹ کمی کی مدت بھی جون میں ختم ہوگئی تھی، سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ، پیٹرولیم لیوی کی مد میں ریلیف کے الیکٹرک صارفین کوبھی مل رہا تھا۔

(جاری ہے)

ذرائع نے کہا کہ ری ٹینڈ ایف سی اے کی مد میں 90پیسے فی یونٹ کمی کی مدت بھی ختم ہوگئی، جس کا اطلاق صرف ڈسکوز صارفین کے لیے تھا۔وزیراعظم نے 3 اپریل کوگھریلوصارفین کے لیے بجلی 7.41 روپے فی یونٹ سستی کرنیکااعلان کیاتھا، جبکہ وفاقی حکومت نے رواں ماہ سے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 1.16روپیفی یونٹ تک کمی کی جبکہ ڈسکوزصارفین کیلیے رواں ماہ ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں 50 پیسے فی یونٹ کمی بھی کی گئی ہے۔