ًایران کا امریکی معائنہ کاروں کو جوہری تنصیبات کے معائنے کی اجازت دینے پر غور کا عندیہ

تہران کے مطالبات کو مدنظر رکھا جاتا ہے تو ایران امریکی معائنہ کاروں کو قبول کرنے پر دوبارہ غور کرے گا‘محمد اسلامی

بدھ 28 مئی 2025 20:55

…تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مئی2025ء)ایران نے امریکی معائنہ کاروں(انسپکٹرز) کو اپنی جوہری تنصیبات کے معائنے کی اجازت دینے پر غور کا عندیہ دے دیا۔عالمی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایران نے بدھ کو کہا ہے کہ اگر امریکا کے ساتھ کوئی معاہدے طے پاتا ہے تو وہ اقوام متحدہ کے جوہری نگران ادارے کے امریکی انسپکٹرز کو اپنی تنصیبات کے معائنے کی اجازت دینے پر غور کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ایران کے اٹامک انرجی آرگنائزیشن کے سربراہ محمد اسلامی نے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای ای) کا حوالہ دیتے ہوئے صحافیوں سے کہا،’ان ممالک کے معائنہ کار ہمارے لیے کبھی قابل قبول نہیں رہے جو ہمارے مخالف تھے اور برسوں سے غیر اصولی رویہ اختیار کرتے رہے’.انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی معاہدہ طے پاتا ہے اور تہران کے مطالبات کو مدنظر رکھا جاتا ہے تو ایران ’ایجنسی کے ذریعے امریکی معائنہ کاروں کو قبول کرنے پر دوبارہ غور کرے گا۔

’واضح رہے کہ مغربی طاقتیں طویل عرصے سے ایران پر جوہری ہتھیار تیار کرنے کی کوشش کا الزام لگاتی رہی ہیں جبکہ تہران اس دعوے کی مسلسل تردید کرتا رہا ہے، اور اصرار کرتا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام صرف پرامن اور سویلین مقاصد کے لیے ہے۔