اسرائیل بین الاقوامی صحافیوں کو غزہ میں جانے کی اجازت دے، برطانوی صحافی

آزادانہ کام کرنے والے بین الاقوامی صحافیوں کو غزہ میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے،گفتگو

جمعرات 29 مئی 2025 13:37

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2025ء)معروف برطانوی صحافی پئیرز مورگن نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی صحافیوں کو غزہ میں جانے کی اجازت دے۔عرب ٹی وی کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار عرب میڈیا سمٹ کے موقع پر کیا ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ یہ بات میڈیا کو کمزور کرنے والی ہے کہ اسرائیل بین الاقوامی سطح پر کام کرنے والے صحافیوں کو غزہ میں جانے سے روکنے کی طاقت رکھتا ہے اور یہ کہ وہ غزہ کے حالات کی آزادانہ کوریج اور رپورٹنگ سے روک سکتا ہے جبکہ اسرائیلی حکومت غزہ کے بارے میں درست اطلاعات سامنے نہیں لا رہی ہے ۔

برطانوی صحافی نے کہاکہ غزہ سے متعلق حقائق کو سامنے لانا اور رپورٹ کرنا بہت مشکل ہے کہ اسرائیل ان صحافتی کارکنوں کو غزہ میں داخل ہونے سے روکتا ہے اور غزہ جانے کی اجازت نہیں دیتا ہے۔پئیرز مورگن نے کہا پہلے آزادانہ کام کرنے والے بین الاقوامی صحافیوں کو غزہ میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے جس کے بعد ہی یہ نتیجہ اخذ کیا جا سکتا ہے کہ اسرائیل غزہ کے بارے میں جو کچھ کہہ رہا ہے وہ درست یا غلط ہے۔