ملک میں حقیقی ترقی کیلئے انڈسٹری اور ا کیڈیمیا میں مضبوط اور پائیدار روابط ضروری ہیں،ریحان نسیم

جمعرات 29 مئی 2025 16:15

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2025ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی اور تحقیقی اداروں کوپڑھے لکھے بے روزگار نوجوانوں کی فوج تیار کرنے کی بجائے صنعتوں کی حقیقی موجودہ اور مستقبل کی ضروریات کیلئے ہنر مند افرادی قوت تیار کرنا ہو گی تاکہ علم کی بنیاد پر نئے صنعتی انقلاب کی راہ ہموار کی جا سکے۔

فیصل آباد چیمبر کا دورہ کرنیوالے اسلام آباد چیمبر اور ایچ ای سی کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مختلف یونیورسٹیوں میں تعینات ایچ ای سی کے آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن کے افسران کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ملک میں حقیقی ترقی کیلئے انڈسٹری اور ا کیڈیمیا میں مضبوط اور پائیدار روابط ضروری ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے فیصل آباد کے مختلف صنعتی اداروں کی مثال دی اور کہا کہ جن اداروں نے جدید تحقیق کو اپنایا۔

انہوں نے دوسروں کی نسبت زبردست ترقی کی اسلئے ہمیں یونیورسٹیوں میں ہونیوالی تحقیق کو صنعتوں کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا ہو گا۔ انہوں نے اس سلسلہ میں اسلام آباد چیمبر کی کاوشوں کو سراہا جس کے ذریعے فیکلٹی ممبران پر مشتمل یہ وفد فیصل آبادکا دورہ کر رہا ہے۔ انہوں نے ایچ ای سی کی طرف سے مختلف یونیورسٹیوں کی طرف سے ڈگری کے اجراکو لازمی عملی تربیت سے منسلک کرنے کے فیصلے کو سراہااور کہا کہ اس سلسلہ میں حکومتی سطح پر قانون سازی کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت یونیورسٹیوں میں جو کچھ پڑھایا جا رہا ہے اس کا 70فیصد صنعتوں کی ضروریات سے غیر متعلق ہے اسلئے نصاب کی تیاری کے وقت صنعتکاروں کی مشاورت انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی وقت فیصل آباد کو صرف اس کی ٹیکسٹائل کی وجہ سے پہنچانا جاتا تھا مگر اب یہاں مختلف قسم کی جدید ترین صنعتیں قائم ہیں ڈائپر، ہنڈائی اور ٹائلز سمیت دیگر بہت سے ادارے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری سے قائم کئے گئے جن کی مصنوعات برآمد بھی کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے درآمدی ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ مقامی ٹیکنالوجی کے فروغ پر بھی زور دیا تاکہ دفاع کے بعد ملکی معیشت کو بھی مستحکم بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔ انڈسٹری اکیڈیمیا لینکجز بارے فیصل آباد چیمبر کی قائمہ کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر حبیب اسلم گابا نے ملک کے صنعتکاروں کو انڈسٹریل پی ایچ ڈی قرار دیا اور کہا کہ ملک بھر کی یونیورسٹیوں کو انہیں پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری دینی چاہیے جس سے نہ صرف انڈسٹری اکیڈیمیا رابطوں کو مستحکم بنانے میں مدد ملے گی بلکہ یونیورسٹیوں کیلئے اپنے انٹر ن کی فوری پلیسمنٹ بھی آسان ہو جائے گی۔

تقریب سے اسلام آباد چیمبر کے عدنان مختار اور ایچ ای سی کے ابرار چوہدری نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ آخر میں صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے اسلام آباد چیمبر کے عدنان مختار کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی اعزازی شیلڈ کے علاوہ خصوصی گفٹ اور چیمبر کی 50سالہ تقریبات کے موقع پر جاری ہونے والے خصوصی ڈاک ٹکٹ بھی پیش کئے۔ اس موقع پر ممبران کو چیمبر کی 50سالہ تقریبات کے سلسلہ میں خصوصی پن بھی لگائی گئیں۔ بعد میں اسلام آباد چیمبر کے عدنان مختار نے بھی فیصل آباد چیمبر کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی شیلڈ پیش کی۔