Live Updates

ایس ای سی پی نے پاکستان میں الگورتھمک ٹریڈنگ کے لیے ریگولیٹری فریم ورک کی تجویز پیش کی

جمعہ 30 مئی 2025 17:07

ایس ای سی پی نے پاکستان میں الگورتھمک ٹریڈنگ کے لیے ریگولیٹری فریم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) ایس ای سی پی نے "پاکستان میں الگورتھمک ٹریڈنگ کے ضابطے" کے عنوان سے ایک کانسپٹ پیپرجاری کیا ہے جس میں بین الاقوامی بہترین طریقہ کار کی بنیاد پر سفارشات پیش کی گئی ہیں۔ یہ تجویز کردہ فریم ورک جدت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ مارکیٹ کی شفافیت اور سرمایہ کاروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کا مقصد رکھتا ہے۔

الگورتھمک ٹریڈنگ کا دنیا بھر میں بڑھتا ہوا رجحان جہاں رفتار اور موثریت کے کئی فوائد فراہم کرتا ہے، وہیں یہ کچھ نئے چیلنجز بھی پیدا کرتا ہے۔ ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے، ایس ای سی پی کے فریم ورک میں اہم فریقین کے لیے واضح کردار متعین کیے گئے ہیں۔ سٹاک ایکسچینجز الگورتھمک ٹریڈرز کی رجسٹریشن، ٹیسٹنگ اور ان کے لیے منفرد شناختی نمبرز کے اجراء کی نگرانی کریں گی۔

(جاری ہے)

بروکرز پر لازم ہوگا کہ وہ مضبوط کنٹرول سسٹمز اپنائیں، آڈٹ اور گورننس کے تقاضے پورے کریں، اور اپنی الگورتھمک ٹریڈنگ سرگرمیوں کی سخت نگرانی کریں۔ اسی طرح تیسرے فریق کے الگورتھم فراہم کنندگان کو بھی متعلقہ قوانین اور ضوابط کی مکمل پابندی کرنا ہوگی۔ایس ای سی پی اس بات کا اعتراف کرتا ہے کہ پاکستان میں الگورتھمک ٹریڈنگ کے ضابطے ابھی ابتدائی مراحل میں ہیں، اسی لیے مرحلہ وار عمل درآمد کا طریقہ کار تجویز کیا گیا ہے۔

ابتدائی طور پر اس سہولت تک رسائی صرف ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کو دی جائے گی جبکہ بعد کے مراحل میں مارکیٹ کی تیاری، خطرات کا جائزہ اور حاصل شدہ تجربے کی بنیاد پر عام سرمایہ کاروں تک بھی اس کا دائرہ بڑھایا جا سکتا ہے۔کانسپٹ پیپرایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر عوامی رائے کے لیے دستیاب ہے۔ متعلقہ فریق 14 جون 2025ء تک اپنی رائےای میل کے ذریعے [email protected] پر بھیج سکتے ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات