Live Updates

ٹریڈ تبدیلی فیسوں میں کمی سے چھوٹے اوردرمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو فائدہ پہنچے گا، صدر ایف پی سی سی آئی

جمعہ 30 مئی 2025 17:07

ٹریڈ تبدیلی فیسوں میں کمی سے چھوٹے اوردرمیانے درجے کے کاروباری اداروں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز عاطف اکرام شیخ نے سی ڈی اے بورڈ کے اہم فیصلوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ٹریڈ تبدیلی فیسوں میں کمی،انڈسٹریل پلاٹس کے ریٹس کے جائزے جیسے اقدامات احسن اقدام ہے،فارم ہائوسز سے انڈسٹریل کی جگہ رہائشی چارجز وصول کرنے کا فیصلہ بھی درست سمت میں قدم کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے وزیر اعظم کے خصوصی مشیر ہارون اختر کے ایف پی سی سی آئی دورہ پر اس اہم مسئلے کی طرف توجہ مبذول کروائی تھی، ہماری تجاویز پر صنعتی پلاٹوں پر عائد غیر حقیقی نرخوں پر نظر ثانی اور انہیں ایڈجسٹ کرنے پر اتفاق کر لیا گیا ہے جو کہ بزنس کمیونٹی کی بڑی کامیابی ہے ،جس کا تجارتی اور صنعتی سٹیک ہولڈرز کو طویل عرصے سے انتظار تھا۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی ہارون اختر نے نہ صرف بزنس کمیونٹی کی آواز کو سنا بلکہ عمل بھی کروایا جس پر ہم ان کے مشکور ہیں۔صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ٹریڈ سے متعلق فیسوں میں کمی سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو سب سے زیادہ فائدہ پہنچ سکتا ہے۔کم اخراجات کے باعث ان کے لیے نئے کاروبار شروع کرنا یا موجودہ کاروبار میں توسیع کرنا آسان ہو جائے گا، جب کاروباری اخراجات کم ہوتے ہیں تو مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے ملک میں سرمایہ کاری کرنا زیادہ پرکشش ہو جاتا ہے،یہ ملکی معیشت کی ترقی کے لیے سازگار ماحول فراہم کر سکتا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات