روسی جامعات اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے درمیان تعلیمی و تحقیقی روابط کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، روسی سفیر البرٹ خوریو

جمعرات 29 مئی 2025 21:01

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2025ء) روس کے سفیر البرٹ خوریو نے کہا ہے کہ روسی جامعات اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے درمیان تعلیمی و تحقیقی روابط کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کیا جا سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تعلیمی و ثقافتی اتاشی علینا کولیسنیکوو کے ہمراہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے دورے کے دوران وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی اور ڈینز و ڈائریکٹر سے ملاقات کے دوران کیا۔

البرٹ خوریو نے زرعی چیلنجز سے نمٹنے اور غذائی استحکام کو یقینی بنانے میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دورے کا مقصد دو طرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانا ہے۔ ملاقات میں تعلیم و تحقیق کے شعبوں میں تعاون، طلبہ کے تبادلہ پروگرامز، مشترکہ ڈگری پروگرام، ثقافتی مرکز کے قیام اور روسی زبان کے مختصر کورسز کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ روس سمیت بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون سے مشترکہ تحقیق، فیکلٹی اور طلبہ کے تبادلے سے نئے مواقع پیدا ہوں گے جو دونوں ممالک کے لیے تحقیق، ترقی اور تعلیم کے شعبے میں فائدہ مند ہوں گے۔ انہوں نے عالمی تعلیمی و تحقیقی میدان میں یونیورسٹی کی نمایاں خدمات اور صلاحیتوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اس وقت مختلف ممالک کے اشتراک سے متعدد تحقیقی منصوبے چلا رہی ہے جو جدت اور ترقی سے اس کی وابستگی کا ثبوت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں بین الاقوامی شراکت کاری کے تحت چینی کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ، انٹرنیشنل سیڈ ٹیسٹنگ لیب، پاک کوریا نیوٹریشن سینٹر، سینٹر فار ایڈوانسڈ اسٹڈیز قائم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زبان و ثقافت کے مرکز کے قیام سے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان زبان کی رکاوٹ دور ہو گی اور باہمی ہم آہنگی کی فضا کو فروغ ملے گا۔ علینا کولیسنیکوو نے روسی جامعات میں دستیاب مواقع اور مختلف سکالرشپ پروگراموں کے بارے میں آگاہ کیا جن سے پاکستانی طلبہ فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ روسی سفیر نے ایکسپو سینٹر، سینٹر فار ایڈوانسڈ اسٹڈیز اور پاک کوریا نیوٹریشن سینٹر کا بھی دورہ کیا۔