پشاور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کا جماعت نہم اور دہم کے سالانہ امتحانات 2025 کے نتائج کا اعلان

صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی کی بطور مہمان خصوصی شرکت

پیر 28 جولائی 2025 22:05

پشاور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کا جماعت نہم اور دہم ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2025ء)پشاور بورڈ نے میٹرک سال 2025 کے نتائج کا اعلان کردیا۔ نتائج کے مطابق میٹرک کے امتحانات میں مجموعی طور پر 1 لاکھ 91 ہزار 589 طلباء و طالبات نے شرکت کی، جن میں سے 14 ہزار 530 طلباء فیل جبکہ 76 ہزار 484 کامیاب قرار پائے۔ اس طرح میٹرک کے نتائج کا مجموعی تناسب 83.5 فیصد رہا۔ دوسری جانب جماعت نہم کے امتحانات میں ایک لاکھ ایک ہزار 888 طلباء و طالبات نے حصہ لیا جن میں سے 61 ہزار 753 کامیاب جبکہ 38 ہزار 907 مختلف پرچہ جات میں فیل قرار پائے۔

نہم جماعت کے نتائج کا تناسب 98.8 فیصد رہا۔ تاہم دستاویزات کے مطابق دہم جماعت کے فیل طلباء کو اگلی جماعت میں پروموٹ کر دیا گیا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق نہم جماعت میں 35 ہزار 17 طالبات جبکہ میٹرک کے امتحانات میں 31 ہزار 722 طالبات نے حصہ لیا۔

(جاری ہے)

نتائج کے مطابق میٹرک سائنس گروپ میں پشاور ماڈل اسکول گرلز برانچ ٹو کی فاطمہ جگنو نے 1180 نمبرز کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔

اسی ادارے کی سارہ عمران نے 1178 نمبرز لے کر دوسری پوزیشن جبکہ شمائلہ نے 1176 نمبرز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پوزیشن ہولڈرز میں پشاور ماڈل اسکول گرلز برانچ دلہ زاک روڈ کی عائنہ شعیب بھی شامل ہیں، جنہوں نے 1176 نمبرز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔اس سلسلے میں بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن پشاور میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی تھے تقریب میں سیکرٹری ایجوکیشن خالد خان، کمشنر پشاور ڈویژن و چیرمین پشاور تعلیمی بورڈ ریاض خان محسود، کنٹرولر امتحانات انعام اللہ شاہ، سیکرٹری بورڈ مہدی جان اساتذہ کرام اور والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے کہا کہ شفافیت کے ساتھ میٹرک کے امتحان کے انعقاد پر پشاور تعلیمی بورڈ، اساتذہ، والدین اور طلباء کو مبارک باد پیش کرتا ہوں امتحانات کے حوالے سے بہترین کردار ادا کرنے پر ضلعی انتظامیہ،اساتزہ، میڈیااور سیکیورٹی پرسنلز کا شکریہ ادا کرتا ہوں خیبر پختونخوا میں 300 امتحانی مراکز میں امتحانات لئے گئے سوات بورڈ اور ایبٹ آباد بورڈز میں سرکاری سکول کے طلباء نے پوزیشنز لیں اگلی دفعہ امتحانی ہالز کو سکیل اپ کریں گے ضم اضلاع میں امتحانی مراکز کی کمی ہے ان میں امسال مزید امتحانی ہالز بنائے جائیں گے۔

خیبرپختونخو کا تعلیمی نظام پنجاب اور سندھ سی بہتر ہے۔ کوشش ہے کہ صوبے کے ہر کونے میں ہر بچے کو معیاری تعلیم کی سہولت دیں۔ تعلیم کے لیے امسال 364 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جو کہ صوبے کے کل بجٹ کا 21 فیصد ہے۔ تعلیم اور صحت کے شعبے میں بہتری لانا ہماری ترجیح ہے۔ کیمبرج یونیورسٹی کے ساتھ ایم او یوز پر دستخط ہوگئے ہیں جس کے زریعے اساتزہ کو تربیت دینے کے ساتھ ساتھ امتحانی نظام، مارکنگ سسٹم اور اسسمنٹ نظام میں مزید اصلاحات لارہے ہیں۔

تعلیم کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ آئندہ سال امتحانات کے نظام میں مزید بہتری لائیں گے تعلیم میں سب سے زیادہ اسٹیک خیبر پختونخوا کے عوام کا ہے پوزیشنز حاصل کرنے والے طلباء کے لئے نقد انعام دوگنا کردیا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پشاور ڈویژن و چیرمین پشاور تعلیمی بورڈ ریاض خان محسود نے کہا کہ میٹرک اور انٹر میڈیٹ کے امتحان میں شفافیت برقرار رکھنے اور نقل کی روک تھام کے لیے صوبائی حکومت کی ہدایات پر پورا پورا عمل کیا امتحان میں شفافیت برقرار رکھی، نقل مافیا کو شکست دی محنتی ٹیم کی بدولت مثالی کامیابی حاصل ہوئی، سی سی ٹی وی کیمروں کا استعمال بہترین تجربہ تھا جس کی بدولت نقل کی موثر روک تھام میں مدد ملی، انتظامی افسران نے وقتاً فوقتاً امتحانی مراکز کے دورے کئے اور نقل کی روک تھام سمیت طلبہ کو سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کیا نقل کی روک تھام سمیت طلبہ کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی، امتحان سے قبل نقل کے سب سے بڑے ذرائع پاکٹ گائیڈز کے خلاف سخت ترین کریک ڈاؤن کیا جس سے نقل کی روک تھام میں زبردست مدد ملی نقل میں ملوث اور نقل میں معاونت کرنے والے متعدد سکولوں اور کالجوں کی رجسٹریشن منسوخ کی گئی ہے۔

تقریب کے اختتام پر نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں شیلڈز اور نقد انعامات تقسیم کئے گئے۔