ملک کی تعمیر نو کے لیے کم از کم 1 ٹریلین ڈالر کی ضرورت ہے، شامی وزیر صنعت و معیشت محمد نیدار الشعر

جمعہ 30 مئی 2025 09:10

دمشق (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) شام کے وزیر صنعت و معیشت محمد نیدار الشعر نے کہا ہے کہ شام کی تعمیر نو کے لیے کم از کم فوری طور پر ایک ٹریلین ڈالر کی ضرورت ہوگی۔العربیہ کے مطابق اس سے پہلے عالمی بنک نے اپنا تخمینہ بتاتے ہوئے کہا تھا کہ 400 ارب ڈالر بھی ناکافی ہوں گے۔وزیر صنعت و معیشت محمد نیدار الشعر نے کہا کہ شام کی تعمیر نو کے لیے ہمیں کم از کم 1 ٹریلین ڈالر کی ضرورت ہے۔

' انہوں نے اس امر کا اظہار دبئی میں ہونے والے 'عرب میڈیا سمٹ' کی سائیڈ لائنز کے دوران کیا ہے۔

(جاری ہے)

محمد النیدار الشعر نے امید ظاہر کی کہ سفارتی تعلقات اور سرمایہ کاری کے سلسلے میں اعتماد بحال ہوگا۔ امریکہ و یورپ کی شام پر عائد پابندیاں ختم ہو جائیں گی جس کے نتیجے میں سفارتی تعلقات کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بھی بحالی ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپ بہت جلد شام میں سفارتخانوں کے دوبارہ کھولے جانے کو دیکھیں گے۔ ہم شام کے بارے میں بات کرنے اور نئی شراکت داریوں کے لیے تیار ہیں۔علاوہ ازیں انہوں نے امید ظاہر کی کہ بیرون ملک موجود شامی فنڈز کی واپسی کی توقع ہے۔ تاہم انہوں نے بتایا کیا کہ شام کے غیر ملکی اثاثے بشار الاسد حکومت نے کافی بڑی تعداد میں واپس لئے تھے۔