نیلم ،محکمہ امور حیوانا ت کے زیراہتمام جانوروں کی بیماریوں سے بچاؤاورعلاج کے لیے ویکسی نیشن مہم بھرپور انداز میں جاری

جمعہ 30 مئی 2025 14:45

نیلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2025ء)محکمہ امور حیوانا ت کے زیراہتمام جانوروں کی بیماریوں سے بچاؤاورعلاج کے لیے ویکسی نیشن مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ویٹرنری آفیسر ڈاکٹر وقاص بٹ کی سربراہی میں ضلع بھر کے دیہی علاقوں، بہکوں میں موبائل امدادی ٹیمیں گھر گھر جاکر 4مہلک بیماریوں کی جانوروں کو ویکسین لگارہے ہیں۔ گل گھوٹو، منہ کھر، گڑی اور کاٹاکی ویکسین مہم کے علاوہ دیگر بیماریوں کاعلاج معالجہ جاری ہے۔

ویٹرنری ماہرین، عملہ جانوروں کی دیکھ بھال، علاج اور حفاظتی ٹیکوں کی فراہمی میں سرگرم عمل ہے۔ تحصیل آٹھ مقام میں ویٹرنر ی آفیسر ڈاکٹر وقاص بٹ جبکہ تحصیل شاردہ میں ڈاکٹر وحید ویکسین مہم کی نگرانی کررہے ہیں۔ڈاکٹر وقاص نے فارمرز سے اپیل کی ہے کہ اپنے پالتوجانوروں کو قریبی ویٹرنری سنٹروں سے یا پھر گھر گھر جانیوالی ٹیموں سے مذکورہ بالا مہلک بیماریوں کے تدارک کے لیے ویکسین لگوائیں تاکہ قیمتی جانور ضائع ہوکر معاشی نقصان نہ ہو۔

(جاری ہے)

مقامی کمیونٹی / فارمرز نے محکمہ امور حیوانات نیلم کی اس کاوش کوسراہتے ہوئے جانوروں کی صحت اور بروقت علاج کی فراہمی کیلئے اہم قرار دیا۔ ڈاکٹر وقاص بٹ کاکہنا تھا کہ نیلم کی معشیت کادارومدار مال مویشی پرہے یہ مہم بتدریج ضلع کے دیگر علاقوں تک توسیع پائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ فارمرز سے سہولت حاصل کرسکیں۔