حلقہ تین کو سیاسی چراگاہ کے طور پر استعمال کرنے کا سلسلہ آسمان سے باتیں کرنے لگا

جمعہ 30 مئی 2025 14:45

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2025ء) حلقہ تین کو سیاسی چراگاہ کے طور پر استعمال کرنے کا سلسلہ آسمان سے باتیں کرنے لگا۔ محکمہ تعلیم، محکمہ صحت عامہ،محکمہ برقیات و دیگر محکموں میں دیگر حلقوں سے لا کر بھرتی تبدیلیوں کا طوفان آ چکا ہے۔ 30 سے زائد حلقہ تین کے معلمین و معلمات کو حلقہ تین سے ادھر سے ادھر کر دیا گیا مگر حلقہ تین کی نمائندگی نہ ہونے کی وجہ سے تمام زبانیں خاموش۔

دیگر حلقوں کے وزراء نے حصہ بقدر جثہ وصولی کے بعد منہ پر قفل لگا لیے ہیں۔ گزشتہ دنوں اسی کے تناظر میں شابہ کوثر ایلیمنٹری معلمہ عربی ہائی اسکول بلگراں مظفرآباد کو تبدیل کر کے گرلز ہائی سکول درا بٹنگی مظفرآباد بخلاف خالی آسامی بوجہ ریٹائرمنٹ نجمہ النساء ایلیمنٹری معلمہ عربی تعینات کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

جس پر نہ صرف سوشل میڈیا صارفین نے ایک طوفان کھڑا کر رکھا ہے بلکہ شہریوں میں بھی شدید بے چینی کی فضا پیدا ہو چکی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ حلقہ تین سے مسلسل آسامیوں کی منتقلی کا سلسلہ مظفرآباد دشمنی کی مثال ہے۔ جو کے حلقہ تین کے ساتھ ناانصافی ہے بلکہ اعلی تعلیم یافتہ یوتھ کے ساتھ ظلم زیادتی و نا انصافی ہے، بلکہ حلقہ تین کے ساتھ حکومتی و دیگر ڈویژن مظفرآباد کے وزراء کا سلوک بھی عیاں ہوتا دکھائی دیتا ہے۔ شہری حلقوں جن میں چوہدری عصمت، راجہ واجد علی، سید ظہیر حسین شاہ، نازیہ ملک، شکیلہ بخاری، اکرام ملک، قاضی واجد، ناصر الدین، خواجہ شبیر احمد، و دیگر نے کہا ہے کہ حلقہ تین کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک بند کرتے ہوئے 30 سے زائد آسامیوں کی منتقلی کو فی الفور منسوخ کرتے ہوئے مقامی اعلی تعلیم یافتہ پڑھے لکھے حقداروں کو ان کا حق فراہم کیا جائے۔