وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام سے سابق فاٹا کے ضم شدہ اضلاع سے مسلم لیگ (ن) کے صدور اور پارٹی رہنماؤں کی ملاقات

جمعہ 30 مئی 2025 16:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) وفاقی وزیر امور کشمیرو گلگت بلتستان وپاکستان مسلم لیگ (ن )خیبرپختونخوا کے صدرانجینئر امیر مقام سے سابق فاٹا کےضم شدہ اضلاع سے مسلم لیگ (ن) کے صدور اور رہنماؤں نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران وفد نے مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر کو ضم شدہ اضلاع کے اہم مسائل سے آگاہ کیا۔جمعہ کو جاری بیان کے مطابق انجینئر امیر مقام نے ان کے مسائل تفصیل سے سنے اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے کہا کہ آپ کے مطالبات بالکل جائز اور درست ہیں، آپ کی خوشی ہی ہماری خوشی ہے، میں ہر ممکن تعاون کے لئے حاضر ہوں، ضم شدہ علاقوں کی اپنی ایک منفرد شناخت اور اہمیت ہے۔وفد نے خیبر پختونخوا میں مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور ان کی ان کاوشوں کو سراہا جو انہوں نے ضم شدہ علاقوں اور خیبر پختونخوا کے عوام کے دیرینہ مسائل کے حل کے لئے کی ہیں۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدرانجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت ضم شدہ علاقوں کے مسائل حل کرنے میں خصوصی دلچسپی لے رہی ہے۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ ضم شدہ علاقوں کے مسائل کے حل میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔وفد میں مسلم لیگ (ن)سابق فاٹا کے تمام ضم شدہ اضلاع کے رہنما شامل تھے جن میں سابق ارکان قومی اسمبلی ملک نذیر اور ملک سپین گل، سینئر نائب صدر عنایت خان، کوآرڈینیٹر ذر خان صافی، فقیر محمد، گل کریم، ملک شعبان اورکزئی، ثناء اللہ، عبد الکریم عابد، میر بادشاہ جندولہ، سعید دراز خان، کاشف خان، نقیب اللہ محسود اور اختر زمان شامل تھے۔

اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی سردار شاہ جہان یوسف بھی موجود تھے۔