ملائیشیا کی سلطان زین العابدین یونیورسٹی کے آٹھ رکنی وفد کا زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا دورہ

جمعہ 30 مئی 2025 21:59

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 مئی2025ء)ملائیشیا کی سلطان زین العابدین یونیورسٹی کے آٹھ رکنی وفد کا زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا دورہ اور وائس چانسلر ڈاکٹر ذوالفقار علی سے ملاقات۔ وفد کی قیادت نورنیسوہا بنت یوسف نے کی۔ ملاقات کے دوران دونوں اداروں کے مابین روابط مضبوط کرنے کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔

وائس چانسلر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے وفد کو بتایا کہ جامعہ زرعیہ ملائیشین ہائی کمیشن کے تعاون سے ہر سال سیمینارز کا انعقاد کرتی ہے تاکہ دونوں ممالک کے مابین ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کی نئی راہیں مرتب کرتے ہوئے تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے مشترکہ چیلنجز سے باآسانی نبردآزما ہوا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا شمار دنیا کی بہترین جامعات میں ہوتا ہے اور زراعت و دیہی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے یہ ادارہ قابل قدر خدمات انجام دیتا ہے۔ وفد نے ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر ڈاکٹر غلام مرتضیٰ ، ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن ڈاکٹر عمران ارشد ، ڈاکٹر ندیم اکبر، ڈاکٹر بشریٰ سعدیہ، ڈاکٹر عامر مقصود، ڈاکٹر وسیم اکرم، ڈاکٹر احمد ستار، ڈاکٹر عبدالرحمن بھٹی، ڈاکٹر محمد تحسین اظہر، ڈاکٹر محمد احسن، اسٹیٹ آفیسر شہزاد محمود و دیگر سے بھی ملاقات کی۔