اگلے 5برس کے دوران درجہ حرارت میں ریکارڈ اضافے کا امکان ہے، عالمی موسمیاتی ادارے کی پیشگوئی

ئندہ 5برسوں میں سے کم از کم ایک برس درجہ حرارت کے حوالے سے 2024کو پیچھے چھوڑ سکتا ہے ،معیشت، روزمرہ کی زندگی، اردگرد کے ماحول اور سیارے سب پر منفی اثرات میں مزید اضافہ ہوگا،بیان

جمعہ 30 مئی 2025 19:50

نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2025ء)اقوام متحدہ کے عالمی موسمیاتی ادارے نے موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے تشویشناک پیشگوئی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں سالانہ اوسط عالمی درجہ حرارت 2024 میں پہلی بار صنعتی عہد سے قبل کے مقابلے میں 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا،اس طرح گزشتہ سال انسانی تاریخ کا گرم ترین سال قرار پایا تھا۔

اس سے قبل 2023 بھی گرم ترین سال قرار پایا تھا اور اب یہ 2024 کے بعد دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔عالمی موسمیاتی ادارے کے مطابق آنے والے 5برس زیادہ بدترین ثابت ہوسکتے ہیں۔عالمی ادارے کے مطابق اس بات کا 80فیصد قوی امکان ہے کہ آئندہ 5 برسوں میں سے کم از کم ایک برس درجہ حرارت کے حوالے سے 2024کو پیچھے چھوڑ سکتا ہے اور تاریخ کا گرم ترین سال بن جائے گا۔

(جاری ہے)

ڈبلیو ایم او کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل کو بیرٹ نے بتایا کہ ہم نے 10گرم ترین برسوں کا سامنا گزشتہ چند برسوں کے دوران کیا اور بدقسمتی سے آنے والے برسوں میں بھی کوئی ریلیف نہیں ملے گا اور اس کا مطلب ہے کہ ہماری معیشت، روزمرہ کی زندگی، اردگرد کے ماحول اور سیارے سب پر منفی اثرات میں مزید اضافہ ہوگا۔عالمی ادارے نے پیشگوئی کی کہ 70فیصد امکان اس بات کا ہے کہ آئندہ 5برسوں کے دوران اوسط درجہ حرارت صنعتی عہد سے قبل کے مقابلے میں 1.5ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہوسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :