محکمہ صحت گلگت بلتستان، مقامی حکومت اور نادرا کے درمیان پیدائش و وفات کے ڈیٹا انضمام کیلئے سہ فریقی معاہدے پر دستخط

جمعہ 30 مئی 2025 21:30

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) گلگت بلتستان میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر محکمہ صحت ، مقامی حکومت و دیہی ترقی اور نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے درمیان پیدائش و وفات کے اطلاعاتی ڈیٹا کے انضمام کے لیے ایک سہ فریقی معاہدہ طے پایا ہے۔ اس معاہدے پر دستخط کے لیے ایک اعلیٰ سطحی تقریب منعقد ہوئی، جس کا مقصد سول رجسٹریشن نظام کو مضبوط بنانا اور آبادی کے ڈیٹا کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔

اس معاہدے کے تحت تینوں ادارے مل کر ایک مربوط نظام تیار کریں گے جو پیدائش اور وفات کے اعداد و شمار کو موثر طریقے سے جمع اور انضمام کرے گا۔ اس سے نہ صرف صحت کی منصوبہ بندی اور پالیسی سازی میں بہتری آئے گی بلکہ شہریوں کو بنیادی سہولیات تک رسائی میں بھی آسانی ہوگی۔

(جاری ہے)

نادرا کے جدید ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے استعمال سے نظام ،ڈیٹا کی درستگی اور شفافیت کو یقینی بناناہے۔

اس موقع پر محکمہ صحت گلگت بلتستان کے سیکرٹری آصف اللہ نے کہا کہ یہ معاہدہ خطے میں صحت کے شعبے میں اصلاحات اور ڈیجیٹل تبدیلی کی جانب ایک سنگ میل ہے۔ اس نظام سے نہ صرف پیدائش و وفات کے درست اعداد و شمار میسر ہوں گے بلکہ اس سے صحت کے پروگراموں کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد میں بھی مدد ملے گی۔جبکہ مقامی حکومت و دیہی ترقی کے عہدیدار نے اس معاہدے کو عوام کے لیے سہولیات کی فراہمی میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ نظام مقامی سطح پر رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنائے گا اور شہریوں کو سرکاری خدمات تک بہتر رسائی فراہم کرے گا۔اس موقع پر نادرا کے نمائندے نےکہا کہ ادارہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے گلگت بلتستان کے عوام کی خدمت کے لیے پرعزم ہے۔ ہمارا مقصد ایک ایسا مربوط ڈیٹا بیس بنانا ہے جو نہ صرف سرکاری اداروں کے لیے مفید ہو بلکہ شہریوں کے لیے بھی سہولت کا باعث بنے۔ انہوں نے کہاکہ یہ معاہدہ گلگت بلتستان میں ڈیجیٹل گورننس اور صحت کے شعبے میں ترقی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے خطے میں انتظامی کارکردگی بہتر ہوگی اور شہریوں کو تیز تر اور قابل اعتماد خدمات میسر ہوں گی۔ اس اقدام سے گلگت بلتستان کے عوام کے لیے بہتر مستقبل کی راہ ہموار ہوگی۔

متعلقہ عنوان :