پنجاب حکومت عوامی مسائل کے حل کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کر رہی ہے، بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین

جمعہ 30 مئی 2025 22:30

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن، سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین ستارہ امتیاز (ملٹری) نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت عوامی مسائل کے حل کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کر رہی ہے،ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز تونسہ شریف میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب بھر کے اضلاع کا دورہ کر کے ترقیاتی اقدامات اور عوامی سہولیات کا جائزہ لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تونسہ میں صفائی کا نظام تسلی بخش ہے اور ٹی ایچ کیو ہسپتال کی عمارت جدید ہے، تاہم بعض شعبوں میں مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مقامی قبائل، خصوصاً قیصرانی، بزدار و کھیتران برادری کو خیبر پختونخوا سے جڑے حساس علاقے میں امن قائم رکھنے پر خراج تحسین پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مقامی کمیونٹی اور انتظامیہ کے تعاون سے شرپسند عناصر کو علاقے میں داخل نہیں ہونے دیا گیا۔ انہوں نے قبائلی نظام کو مؤثر قرار دیتے ہوئے اسے مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔بریگیڈیئر بابر علاؤالدین نے اعلان کیا کہ تونسہ کے لیے آئندہ ترقیاتی پروگرام میں میگا سیوریج منصوبہ شامل کیا جائے گا، جو ایک دیرینہ عوامی مطالبہ ہے۔