ہالی ووڈ پروڈیوسر کیخلاف میگا ریپ کیس،متاثرہ اداکاراوں کے ہولناک بیانات

ہفتہ 31 مئی 2025 11:45

ہالی ووڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2025ء)ہالی ووڈ فلم انڈسٹری کے معروف پروڈیوسر اور انٹرٹینٹمنٹ کمپنی کے مالک ہاروی وائنسٹن کے خلاف جنسی زیادتی مقدمات کی سماعت پر جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق معروف فلم پروڈیوسر پر 2017میں جنسی زیادتی کا الزام عائد کرنے والی تینوں خواتین نے جج کے سامنے اپنے بیانات قلم بند کرائے۔

علاوہ ازیں عدالت میں ملزم کے خلاف کچھ گواہ بھی پیش ہوئے جنھوں نے ان واقعات کی تصدیق کی۔ایک متاثرہ خاتون جیسیکا نے بتایا کہ مجھے 2013میں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا اور خاموش رہنے کیلئے شدید دباؤ ڈالا گیا۔دوسری متاثرہ خاتون مریم ہیلی نے عدالت کو بتایا کہ میری رضامندی کے بغیر 2006میں ان کے ساتھ زبردستی جنسی زیادتی کی گئی۔

(جاری ہے)

تیسری متاثرہ خاتون کجا سکولا نے بتایا کہ ہاروی وائنسٹن نے 2005میں انھیں زبردستی جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔

متاثرہ خواتین کے وکیل نے فلم پروڈیوسر ہاروی وائنسٹن کو جنسی درندہ قرار دیتے ہوئے سخت سے سخت سزا کی درخواست کی۔اس موقع پر تینوں خواتین پھوٹ پھوٹ کر رونے لگیں جنھیں پانی اور ٹشو پیپر پیش کیا گیا۔ ججز اور وکلا بھی جذباتی ہوگئے۔عدالت کی سماعت ملتوی کردی گئی۔ اگلی سماعت میں اب ہاروی وائنسٹن کے وکلا متاثرہ خواتین اور گواہوں پر جرح کریں گے اور اپنے دلائل پیش کریں گے۔ممکنہ طور پر معروف فلم پروڈیوسر ہاروی وائنسٹن بھی اپنے خلاف لگائے گئے الزامات پر عدالت میں بیان ریکارڈ کروائیں گے۔