ڈی ایچ کیو ہسپتال ہری پور کے جنرل سرجری ڈیپارٹمنٹ کا پانچ ماہ کے دوران1039 کامیاب مفت آپریشنز کرنے کا نیا ریکارڈ قائم

ہفتہ 31 مئی 2025 12:00

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2025ء) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ہری پور کے جنرل سرجری ڈیپارٹمنٹ نےپانچ ماہ کے دوران1039 سے زائد کامیاب اور مکمل مفت آپریشنز کرنے کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ او پی ڈی مریضوں کی مجموعی تعداد 15628، ایڈمیشنز 1165 اور کامیاب مفت آپریشنز 1039 کئے گئے، یہ تمام آپریشنز بغیر کسی فیس یا خرچ کے کئے گئے ہیں جس سے نہ صرف مالی طور پر پریشان حال مریضوں کو ریلیف ملا بلکہ سرکاری ہسپتالوں کے معیار پر بھی عوامی اعتماد میں اضافہ ہوا۔

مثالی قیادت ڈاکٹر جاوید اقبال خان اور ان کی سرجیکل ٹیم جنرل سرجری ڈیپارٹمنٹ کی اس کامیابی کا مرکزی سہرا سینئر سرجن اور معروف معالج ڈاکٹر جاوید اقبال خان کو جاتا ہے جنہوں نے اپنے وسیع تجربہ، قائدانہ صلاحیتوں اور مریض دوستی کے جذبہ سے شعبہ کو ایک نئی جہت دی، ان کے ساتھ ٹیم میں شامل سرجن ڈاکٹر افضل خان، تجربہ کار میڈیکل آفیسرز، ٹرینی میڈیکل آفیسرز اور نرسز و دیگر سٹاف شامل ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر جاوید اقبال خان کی رہنمائی میں نہ صرف معمول کی سرجریز کامیابی سے مکمل ہو رہی ہیں بلکہ شعبہ جنرل سرجری میں پوسٹ گریجویٹ ایف سی پی ایس ٹریننگ پروگرام بھی باقاعدہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے جو مستقبل کے ماہر ڈاکٹروں کی تیاری کا اہم قدم ہے۔ مزید یہ کہ گزشتہ چار ماہ سے شام اور رات کے اوقات میں بھی میڈیکل آفیسرز کی موجودگی کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ مریضوں کو ہنگامی صورت حال میں بھی بروقت طبی امداد فراہم کی جاسکے۔

اس شاندار کارکردگی کے پیچھے ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر منور خان آفریدی کی مدبرانہ قیادت، محنت اور مثالی نظم و نسق کا بھی کلیدی کردار ہے۔ ڈاکٹر منور خان آفریدی نے نہ صرف ہسپتال کے انتظامی ڈھانچہ کو بہتر کیا بلکہ تمام طبی شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں بھرپور دلچسپی اور کردار ادا کیا، ان کی جانب سے فراہم کی گئی سہولیات، درکار وسائل کی بروقت فراہمی اور تمام عملہ کےلئے ایک حوصلہ افزا ماحول نے ڈی ایچ کیو ہری پور کو ایک فعال اور پیشہ وارانہ طبی ادارہ بنا یا ہے۔

ڈاکٹر منور خان آفریدی کی زیرِ نگرانی ہسپتال میں ایمرجنسی سروسز کو اپ گریڈ کیا گیا، شام و رات کی شفٹوں میں عملہ کی دستیابی ممکن بنائی گئی، سرجری سمیت مختلف شعبوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا، مریضوں کےلئے باوقار اور معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔ عوامی اور سماجی حلقوں نے بہترین انتظامات کرنے پر ہسپتال انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :