کھیل نوجوانوں کو صحت مند تفریح کے مواقع فراہم کرتے ہیں،چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل نصیرآباد

ہفتہ 31 مئی 2025 15:20

ڈیرہ مراد جمالی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2025ء) گوٹھ میر عبدالمجید لہڑی جھڈیر میں جاری کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ کی تقریب منعقد ہوئی۔ ٹورنامنٹ کے فائنل میں علاقے کی دو بہترین ٹیموں کے درمیان فائنل میچ کھیلا گیا جسے دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد میدان میں موجود تھی۔ اس تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈسٹرکٹ چیئرمین ضلع کونسل نصیرآباد حاجی میر فرید الحق لہڑی تھےان کے ہمراہ یونین کونسل کے چیئرمین حاجی خان زہری،یار محمد زہری سمیت نوجوان کی بڑی تعداد شریک تھی۔

فائنل میچ سے قبل مہمانِ خصوصی ڈسٹرکٹ کونسل کے چیئرمین حاجی فرید الحق لہڑی کا دونوں ٹیموں سے باقاعدہ تعارف کرایا گیا۔ میچ کے اختتام پر تقریب تقسیمِ انعامات منعقد ہوئی جس میں مہمانِ خصوصی حاجی فرید الحق لہڑی اور حاجی خان زہری نے جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی اور نقد انعامات سے نوازا، جبکہ رنر اپ ٹیم اور بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو بھی خصوصی انعامات دیے گئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حاجی میر فرید الحق لہڑی نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کو صحت مند تفریح کے مواقع فراہم کرتے ہیں اور ان میں نظم و ضبط، محنت اور ٹیم ورک کا جذبہ پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ کھیلوں کے ساتھ ساتھ تعلیم پر بھی بھرپور توجہ دیں تاکہ وہ ایک باصلاحیت اور مہذب معاشرے کے رکن بن سکیں۔\378

متعلقہ عنوان :