Live Updates

پاکستان چودہویں سیف گیمز کی میزبانی کیلئے تیار

پی اوا ے نے سفارشات پیش کر دی، سیف گیمز کی میزبانی پاکستان کے محفوظ ہونے کا ثبوت ہے، رانا ثنا اللہ

پیر 2 جون 2025 22:56

پاکستان چودہویں سیف گیمز کی میزبانی کیلئے تیار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جون2025ء) پاکستان چودہویں ساؤتھ ایشین گیمز کی میزبانی کیلئے تیار، گیمز کے انعقاد کیلئے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے اپنی سفارشات پیش کر دی، وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ سیف گیمز کے انعقاد سے پاکستان کا مثبت تشخص اُجاگر ہوگا، ایس سی او کانفرنس، چیمپئنز ٹرافی اور سیف گیمز کی میزبانی پاکستان کے محفوظ ہونے کا ثبوت ہے۔

وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثنائاللہ کی زیر صدارت اجلاس میں سیف گیمز کے انعقاد کیلئے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی پیش کردہ سفارشات کا جائزہ لینے اورعمل درآمد کیلئے وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین وانی کی سربراہی میں کمیٹی بنا دی گئی جس میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان، اور آزاد کشمیر کے نمائندہ ارکان شامل ہونگے۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ سیف گیمز آئندہ سال جنوری میں منعقد ہونگے، ایونٹ میں کل 27 کھیل شامل ہوں گے۔کمیٹی کھیلوں کے مقامات، سیکورٹی، دیگر امور سے متعلق اپنی تجاویز حکومت کو پیش کرے گی۔ پنجاب حکومت نے میگا ایونٹ کی میزبانی کے لیے رضامندی ظاہر کردی ہے ساؤتھ ایشین گیمز سے پاکستان کا مثبت تشخص اُجاگر ہوگا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات