حکومت آزادکشمیر نے ریسرچ فارمیسی کے ساتھ معاہدہ ختم کر دیا

کینسر میں مبتلا 260 سے زائد مریض مہنگی ادویات کے باعث زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا

اتوار 1 جون 2025 13:05

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2025ء)آزادکشمیر میں کینسر میں مبتلا 260 سے زائد مریض مہنگی ادویات کے باعث زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ، حکومت آزادکشمیر نے ریسرچ فارمیسی کے ساتھ معاہدہ ختم کر دیا ، کینسر کے مریض رُل گئے ، وزیر صحت ریسرچ فارمیسی کی پیش کش کے باوجود معاہدہ میں توسیع سے گریزاں ، ہر بار فارمیسی کے نمائندگان کو ملاقات کیلئے بلا کر ٹال دیا جاتا ہے ، محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا ہے کہ آزادکشمیر میں 260افراد بلڈ کینسر کے عارضہ میں مبتلا ہیں جنہیں کینسر کے علاج کیلئے ریسرچ کی بنیاد پر فارمیسی ادویات فراہم کر رہی ہے ، کینسر کے ایک مریض کو ماہانہ تقریباً پانچ لاکھ روپے کی ادویات خریدناپڑتی ہیں، ریسرچ فارمیسی اور حکومت آزادکشمیر کے مابین کینسر کے مریضوں کے علاج معالجہ کی مد میں ریسرچ فارمیسی کو 20فیصد قیمت ادا کی جاتی رہی ہے ، ریسرچ فارمیسی کے ریسرچ مکمل ہونے کے بعد آزادکشمیر حکومت کے محکمہ صحت نے بھی معاہدہ کے توسیع نہیں کی ، چنانچہ 260بلڈ کینسر میں مبتلا مریض ماہانہ پانچ لاکھ روپے کی ادویات خریدنے کی سکت نہ ہونے کے باعث زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں ، ذرائع کے مطابق ریسرچ فارمیسی ’’نووا ‘‘ نے حکومت آزادکشمیرکے محکمہ صحت کو مفاہمتی یادداشت کیلئے رجوع کر رکھا ہے ، وزارت صحت نے سیکرٹریٹ صحت اور پھر سیکرٹریٹ صحت نے معاملہ نظامت صحت عامہ کو ارسال کر دیا ہے ، رپورٹ پٹواری مفصل کے انتظار میں بلڈ کینسر کے 260مریض امداد کے منتظر ہیں ، آزادکشمیر کے وزیر صحت عامہ مریضوںکو اُمید کا جھانسہ دیکر خاموش ہو گئے ہیں، جبکہ محکمہ صحت کی بیوروکریسی ریسرچ فارمیسی کے ساتھ ڈیل کے لئے فائل اوپر نیچے ارسال کرکے ماحول سازگار بنانے کیلئے سرگرم ہے ، اس دوران 260مریضوں میں سے اگر کوئی زندگی کی بازی ہار گیا تو محکمہ صحت کی افسرشاہی کے ساتھ وزارت صحت کے مجرمانہ کردار پر سوال اٹھیں گے۔

متعلقہ عنوان :