ایلون مسک نے منشیات کے استعمال سے متعلق الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا

سیاہ نشان ان کے ننھے بیٹے ایکس کی کھیل کود کے دوران لگائی گئی ہلکی سی مکے بازی کا نتیجہ تھا،بیان

اتوار 1 جون 2025 14:15

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2025ء)امریکی ارب پتی اور معروف کاروباری شخصیت ایلون مسک نے میڈیا رپورٹ میں لگائے گئے اس دعوے کو سختی سے مسترد کر دیا ہے کہ انہوں نے 2024 کی انتخابی مہم کے دوران بڑی مقدار میں کیٹامین اور دیگر نشہ آور اشیا کا استعمال کیا تھا۔امریکی اخبار نے رپورٹ میں دعوی کیا تھا کہ ایلون مسک جو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر بھی رہے ہیں نے اس قدر زیادہ مقدار میں کیٹامین استعمال کیا کہ انہیں مثانے کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ دنیا کے امیر ترین شخص نے نشہ آور پھپھوندی (مشروم) اور ہیلو سینیٹ کرنے والی گولیاں بھی استعمال کیں اور گزشتہ سال وہ ایک ڈبہ بھر کر ایسی گولیاں ساتھ لے کر سفر کرتے رہے۔رپورٹ کے مطابق اس بات کے کوئی شواہد موجود نہیں کہ مسک نے یہ اشیا اس وقت استعمال کیں جب وہ صدر ٹرمپ کے اقتدار سنبھالنے کے بعد وزارت سرکاری کارکردگی کے امور چلا رہے تھے۔

(جاری ہے)

پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں ایلون مسک نے دو ٹوک انداز میں لکھاکہ وضاحت کے لیے عرض ہے، میں منشیات استعمال نہیں کرتا! انہوں نے مزید کہا کہ میں نے چند سال پہلے طبی نسخے کے تحت کیٹامین استعمال کیا تھا اور اس بات کا برملا اظہار ایکس پر کیا تھا۔ یہ خبر نہیں بلکہ پرانی بات ہے۔ کیٹامین ذہنی دبا کے سیاہ دور سے نکالنے میں مددگار ثابت ہوا، لیکن اس کے بعد سے میں نے کبھی استعمال نہیں کیا۔

رپورٹ میں یہ بھی ذکر کیا گیا کہ ایلون مسک نے صدر ٹرمپ کے ساتھ وائٹ ہاس میں الوداعی ملاقات کے دوران نشے سے متعلق سوال کو نظر انداز کیا، جب کہ ان کی آنکھ پر سیاہ نشان موجود تھا، جس نے میڈیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔مسک کے مطابق یہ سیاہ نشان ان کے ننھے بیٹے ایکس کی کھیل کود کے دوران لگائی گئی ہلکی سی مکے بازی کا نتیجہ تھا۔