ماہرہ اور ہمایوں سعید کی رومانوی فلم کے پشتو گانے نے دھوم مچا دی

ویڈیو منظر عام آنے پر سوشل میڈیا پر عوام کا زبردست ردعمل

اتوار 1 جون 2025 15:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2025ء)عیدالاضحی قریب آتے ہی فلمی مداحوں کی بے چینی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، خاص طور پر ان شائقین کے لیے جو ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کی جوڑی کو اسکرین پر دیکھنے کے منتظر ہیں۔ ان کی آنے والی فلم لوگرو کو سال کی سب سے متوقع فلموں میں شمار کیا جا رہا ہے، اور اب فلم کا پشتو گانا سدا آشنا منظرِ عام پر آتے ہی سوشل میڈیا پر مقبولیت کی نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔

اس رنگا رنگ میوزک ویڈیو میں ماہرہ خان، ہمایوں سعید اور احمد علی بٹ پشتو ثقافت سے بھرپور گانے پر جھومتے نظر آتے ہیں۔ ویڈیو میں دکھایا گیا روایتی لباس، پشتون رقص کے انداز اور دھن کی خوشبو نے شائقین کو بے حد متاثر کیا ہے۔ گانے کے سر نہ صرف دل کو چھو لینے والے ہیں بلکہ اس میں موجود جذباتی انداز اور توانائی نے اسے شادی بیاہ کی تقریبات کے لیے بھی موزوں بنا دیا ہے۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پر ویڈیو کی ریلیز کے بعد سے صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے سامنے آ رہے ہیں۔ کسی نے گانے کو پشتون روح کا آئینہ قرار دیا، تو کسی نے اس کی دھن کو خوشی کی مکمل عکاسی کہا۔ ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا، میں پشتون ہوں، اور یہ ویڈیو میری ثقافت کو خوبصورتی سے بیان کرتی ہے۔ ایک اور صارف نے لکھا، ماہرہ خان بالکل کسی دلہن کی طرح لگ رہی ہیں، ان کی مہندی کی تقریب کی یاد تازہ ہو گئی۔فلم لوگرو کی تشہیر زور و شور سے جاری ہے اور ہر نیا پرومو یا گانا اس بات کا ثبوت دے رہا ہے کہ یہ فلم عید پر سینما گھروں میں ایک بڑی دھوم مچانے والی ہے۔