ساحر ایسوسی ایٹس نے پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو ٹورنامنٹ جیت لیا

اتوار 1 جون 2025 18:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2025ء) ساحر ایسوسی ایٹس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو ٹورنامنٹ جیت لیا۔ فائنل میچ میں ساحر ایسوسی ایٹس نے ایم آئی ٹی سلیوشنز کو 355 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر نہ صرف ٹائٹل اپنے نام کیا بلکہ اگلے سیزن کے لیے پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں بھی کوالیفائی کر لیا۔

چار روزہ فائنل کے آخری دن ساحر ایسوسی ایٹس کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 449 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ محسن خان نے 68 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ایم آئی ٹی سلیوشنز کی جانب سے کلیم اللہ نے بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ ساحر ایسوسی ایٹس نے پہلی اننگز میں 137 رنز کی برتری حاصل کی تھی جس کی بنیاد پر ایم آئی ٹی سلیوشنز کو جیت کے لیے 587 رنز کا ہدف ملا۔

(جاری ہے)

ایم آئی ٹی سلیوشنز کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 231 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ محمد بلال نے 70 اور حسنین ندیم نے 54 رنز بنائے۔ ساحر ایسوسی ایٹس کے خان زیب نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ فہد عثمان کو 158 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا جبکہ پی اے ایف کے آل راؤنڈر عتیق الرحمان ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ انہوں نے 741 رنز اور 17 وکٹیں حاصل کیں۔