Live Updates

صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین سے پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات،دبئی میں ہونے والے کبڈی ورلڈ کپ پر گفتگو

بدھ 4 جون 2025 21:43

صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین سے پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات،دبئی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2025ء) پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر وصوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔وفد کی قیادت پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کے صدر افتخار حسین کر رہے تھے۔پاکستان کبڈی فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری رانا غلام سرور اور پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کے عہدیداران و نمائندے ملاقات میں موجود تھے۔

بدھ کو یہاں مقامی ہوٹل میں ہونے والی ملاقات میں دبئی میں ہونے والے کبڈی کے ورلڈ کپ اور اس روایتی کھیل کے فروغ پر بات چیت ہوئی۔پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر چوہدری شافع حسین نے فروری 2020میں کبڈی کے ورلڈ کپ کا انعقاد کرایا،کبڈی کے کھیل کی تاریخ میں پہلی بار پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر کبڈی کا ورلڈ کپ جیتاِکبڈی کے ورلڈ کپ کے انعقاد اور پاکستان کی جیت پر چوہدری شافع حسین کو ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صنعت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کبڈی فیڈریشن نے کبڈی کے روایتی کھیل کے فروغ کیلئے موثر اقدامات کئے،کبڈی کے کھیل میں میرٹ کو فروغ دیا جس کے باعث پاکستان پہلی بار کبڈی کا ورلڈ کپ جیتا۔ رواں سال کبڈی کا عالمی کپ دبئی میں کرایا جائے گا اور اس ایونٹ میں پاکستان،بھارت،ایران اوردیگر ممالک کی کبڈی کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ کبڈی روایتی کھیل ہے جسے رولز کے مطابق ہی آگے بڑھایا جائے گا،ادارے ڈسپلن کے ساتھ ہی چلائے جا سکتے ہیں،پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر اور جنرل سیکرٹری کے علم میں لائے بغیر پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کے انتخابات کرائے گئے،خلاف قانون کروائے گئے انتخابات کی غلطی کو تسلیم کیا گیا اور انہیں منسوخ کرنے کی درخواست کی گئی،قواعد وضوابط سے ہٹ کر کروائے گئے انتخابات کو منسوخ کرکے پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کی تشکیل نو کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ باہمی مشاورت کے ساتھ پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن تشکیل دی گئی ہے،سپورٹس کی سرگرمیوں کو فروغ دے کر ممالک کے مابین روابط بہتر کئے جاسکتے ہیں۔صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے کہاکہ کبڈی کے کھیل کے فروغ کیلئے مل کر آگے بڑھیں گے۔صدر پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن افتخار حسین نے کہاکہ کبڈی کے کھیل کے فروغ میں چوہدری شجاعت حسین اور ان کے خاندان کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل طاہر وحید،فنانس سیکرٹری خواجہ حسن رضا اور دیگر عہدیداران بھی ملاقات میں موجود تھے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات