Live Updates

گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی سے گرینڈ جرگہ تحصیل تخت بھائی کی ملاقات ، لوڈشیڈنگ بارے آگاہ کیا

اتوار 1 جون 2025 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2025ء) گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی سے گرینڈ جرگہ تحصیل تخت بھائی نےملاقات کی ۔ پی پی پی کے صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا کے ہمراہ گورنر ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں گرینڈ جرگہ کے کنوینئر نعمان یوسف نے تخت بھائی میں جاری لوڈ شیڈنگ پر گورنر خیبر پختونخواہ کو بریف کیا۔

اتوار کو گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق جرگہ میں تمام سیاسی و علاقائی تنظیموں کے نمائندے شامل تھے جنہوں نے کہا کہ ہمارے علاقہ میں 90 فیصد ریکوری کے باوجود 18 سے 22 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جس پر ہم کل احتجاج کررہے ہیں۔ گورنر نے کہا کہ بجلی چوری کے سدباب میں جرگہ ممبران بھی واپڈا سے تعاون کریں اور محکمہ کی کالی بھیڑوں کی نشاندہی کرکے قومی مجرموں کا راستہ روکا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے فوری طور پر پیسکو چیف سے رابطہ کیا اور انہیں ہدایت کی کہ جرگہ ممبران سے ملیں اور انکے جائز مسائل کو فورا ًحل کیا جائے ۔ جرگہ ممبران نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات پر ہم گورنر خیبرپختونخوا کے مشکور ہیں ۔ گرینڈ جرگہ کے وفد میں پی پی پی صوبائی نائب صدر شعیب عالم خٹک، سابق ایم پی اے میاں نادر شاہ صاحب ، پی پی پی ضلعی رہنما اورنگزیب خان ، جماعت اسلامی کے فضل ربانی ایڈووکیٹ ، جمعیت علمائے اسلام کے حافظ محمد سعید ، مسلم لیگ ن کے میاں عبدالرحمان ،پی پی پی رہنما اسد خان، جاوید اقبال ناظم، تحریک تحفظ چیئرمین سردراز خان،حاجی محمد یوسف، میاں سعید اللّٰہ خان،شاہ حسین ایڈووکیٹ، عمران خان، یوتھ پارلیمنٹ کے علامہ محمد صدیق اور پریس کلب کے صدر مسلم صابر موجود تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات