لله* فیصل آباد، ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے شیعہ علماء کے ساتھ اہم اجلاس

اتوار 1 جون 2025 21:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر فیصل آبادکیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے شیعہ علماء کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہو ا ۔ جس میں مجالس و جلوسوں کے پرامن انعقاد، سکیورٹی،انتظامات اور امن و امان کی فضاء برقرار رکھنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران اور شیعہ مکتب فکر کے علمائے کرام شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنرکیپٹن (ر) ندیم ناصر نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران ضلعی انتظامیہ مکمل تعاون فراہم کرے گی اورکسی کو بھی امن خراب کرنے یا انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔تمام مجالس اور جلوسوں کا انعقاد قانونی تقاضوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے کیا جائے۔امن و امان برقرار رکھنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ضلعی حکومت تمام مکاتب فکر کے ساتھ رابطے میں ہے اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے گا۔

شیعہ علماء نے ضلعی انتظامیہ کی سنجیدہ کوششوں کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ وہ بھی ضابطہ اخلاق اور قانونی دائرہ کار میں رہتے ہوئے تمام پروگرام منعقد کریں گے۔اجلاس میں یہ عزم ظاہر کیا گیا کہ محرم الحرام کے دوران اتحاد، بھائی چارے اور نظم و ضبط کی فضاء کو ہر صورت قائم رکھا جائے گا۔