مسلط (ن) ، پیپلزپارٹی اصل میں ملک کا المیہ ہے: مسرت جمشید چیمہ

جمعرات 21 اگست 2025 20:18

مسلط  (ن) ، پیپلزپارٹی اصل میں ملک کا المیہ ہے: مسرت جمشید چیمہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اگست2025ء) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ ملک پر دہائیوں سے مسلط مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی اصل میں ملک کا المیہ ہے،جمہوریت کے دعویدار سسٹم کو طاقت سے کنٹرول کر رہے ہیں اور پھر انسداد دہشتگردی قانون سے مزید اندھی طاقت حاصل کر لی گئی ہے،جہازی سائز کابینہ کے ہمراہ جاپان کے دورے پر گئی ہوئی وزیر اعلیٰ پنجاب کا یہ بیا ن کہ جاپان کی ترقی کے ماڈل کو پنجاب میں لاگو کرنا چاہتی ہیں خو ش آئند ہے لیکن آپ کو یہ بتانا ضروری ہے کہ واپس آ کر آپ اپنی روایتی سیاسی میراث کو ہی آگے بڑھائیں گی۔

اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے جہازی سائز وفدکے ہمراہ جاپان کے دورے کو صوبے کی عوام کو کیا فائدہ ہوگا تو یہ بعد کی بات ہے لیکن وزیر اعلیٰ کا جہازی سائز وفد کے ہمراہ جاپان کا دورہ قو م کو کروڑوں روپے میں پڑا ہے،ایک طرف پنجاب حکومت کا چالیس رکنی وفد بیٹھا ہوتا ہے اور دوسری جانب جاپان کا کوئی اکیلا عہدیدار بریفنگ دے رہا ہوتا ہے جس سے اس دورے کی اہمیت اور حقیقت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ عوام اب خود ہی ان کی گورننس کا پوسٹمارٹم کر لیتے ہیں اور ان شا اللہ اب آنے والے وقت میں کوئی جعلسازی نہیں چل سکے گی۔